Loading
وزیراعظم شہباز شریف کا کہنا ہے کہ امن کے عالمی دن کے موقع پر پاکستان کی حکومت اور عوام جنگ اور تنازعات سے پاک پرامن دنیا کے فروغ کیلئے عالمی برادری کے شانہ بشانہ کھڑی ہیں۔
وزیراعظم ہاؤس کی جانب سے جاری کردہ بیان میں کہا گیا ہے کہ آج کے دن ہم اقوام عالم کے درمیان مکالمے اور افہام و تفہیم کو فروغ دینے کی اہمیت کا اعتراف کرتے ہوئے اس جانب عملی اقدامات کے عزم کا اعادہ کرتے ہیں۔
آج کی دنیا بے شمار تنازعات کے باعث تقسیم کا شکار ہے، ہمیں اقوام عالم کے مابین اختلافات کو ختم کرنے اور امن کے مشترکہ مقصد کے لیے مشترکہ حکمت عملی اپنانے کی ضرورت ہے۔
پاکستان بات چیت کے ذریعے خطے میں امن و استحکام کو فروغ دینے پر پختہ یقین رکھتا ہے تاہم اس مقصد کو حاصل کرنے کیلئے دیرینہ تنازعات کو حل کرنا ضروری ہے۔ اس خطے میں جموں و کشمیر کا تنازعہ ایک دیرینہ مسئلہ ہے جس کے پائیدار حل کی بنیاد غیر جانبدارانہ رائے شماری اور اقوام متحدہ کی سلامتی کونسل کی متعلقہ قراردادوں پر عمل درآمد ہے۔
آج کے دن ہمیں فلسطین کے معصوم لوگوں کی حالت زار کو نظر انداز نہیں کرنا چاہیے، جو ریاستی جارحیت کا بہادری سے سامنا کر رہے ہیں۔ مشرق وسطیٰ میں دیرپا امن کیلئے اقوام متحدہ کی قراردادوں اور فلسطینیوں کی امنگوں کے مطابق تنازع کا پرامن حل وقت کی اہم ضرورت ہے۔
پاکستان دنیا میں امن کے فروغ کی اہمیت کو تسلیم کرتا ہے اور عالمی برادری کے ساتھ مل کر کام کرنے کیلئے تیار ہے، مل کر کام کرنے سے ہی ہم اپنی آنے والی نسلوں کیلئے ایک پرامن کل کی تعمیر کرسکتے ہیں اور دنیا کو امن و آشتی کا گہوارہ بنا سکتے ہیں۔
اگر آپ اس خبر کے بارے میں مزید معلومات حاصل کرنا چاہتے ہیں تو نیچے دیے گئے لنک پر کلک کریں۔
مزید تفصیل