Loading
پینٹاگون کی خفیہ دستاویزات لیک کرنے والے امریکی ایئرمین 22 سالہ جیک ٹیکسیرا کو 15 سال قید کی سزا سنا دی گئی۔ امریکی میڈیا کے مطابق بوسٹن میں امریکی ڈسٹرکٹ جج اندرا تلوانی نے اپنے فیصلے میں کہا کہ اتنی حساس اور خفیہ دستاویزات کو کیسے ہینڈل کرنا ہے اور ان کے افشاء کرنے پر کیا سزا ہوسکتی ہے۔ اس کے بارے میں وسیع معلومات اور تربیت کے باوجود ملزم نے سوشل میڈیا پلیٹ فارم ڈسکورڈ (Discord) پر ایک سال تک سیکڑوں دستاویزات پوسٹ کیں۔ عدالتی فیصلے میں اس بات پر افسوس کا اظہار کیا گیا ہے کہ حقیقتاً جن کا کام ملزم کو اس حرکت سے روکنا تھا وہ بھی اپنی ذمہ داری نہیں نبھا سکے۔ یہ بدقسمتی ہے۔ قبل ازیں عدالت میں وفاقی استغاثہ نے اس جرم کو امریکی جاسوسی سے متعلق قانون کی سب سے اہم اور نتیجہ خیز خلاف ورزیوں میں سے ایک قرار دیا تھا۔ استغاثہ کے مطابق جنوری 2022 سے ملزم نے روس کے یوکرین پر حملے سے متعلق سیکڑوں خفیہ دستاویزات تک رسائی حاصل کرنا شروع کی تھی جب کہ اس کے پاس اسرائیل، فلسطین، شام، ایران اور چین سے متعلق خفیہ معلومات تک بھی رسائی تھی۔ اس سرگرمی پر اعلیٰ افسران نے جیک ٹیکسیرا کو سال 2022 میں دو مرتبہ خفیہ معلومات افشا کرنے سے متعلق نصیحت بھی کی تھی اور اسے انٹیلی جنس معلومات کی گہرائی تک جانے سے متنبہ بھی کیا تھا۔ ان الزامات کی بنیاد پر وفاقی استغاثہ نے عدالت سے ملزم کو 17 سال قید کی سزا دینے کی استدعا کی تھی۔ جیک ٹیکسیرا کے وکلاء نے کہا ان کا کلائنٹ آٹسٹک ہے اور الگ تھلگ رہن پسند کرتا ہے اس لیے کم سے کم سزا دی جائے۔اس کا مقصد کبھی بھی امریکا کو نقصان پہنچانا نہیں تھا۔ خیال رہے کہ ملزم کو گزشتہ برس اپریل میں گرفتار کیا گیا تھا اور اس نے مارچ کے ماہ میں اقبال جرم کرتے ہوئے ندامت کا اظہار کیا تھا اور معافی بھی مانگی تھی۔ دفاعی وکیل مائیکل بچراچ نے عدالت میں کہا تھا کہ ان کے کلائنٹ نے امریکی فضائیہ کی طرف الزامات کو قبول کرنے کی صورت میں فوائد حاصل کرنے کا معاہدہ بھی کیا تھا تاہم اس کا کوئی نتیجہ نہیں نکلا۔ تاہم ایئر فورس نے اس بات کی تصدیق کرنے سے انکار کر دیا کہ ایسا کوئی معاہدہ طے پایا تھا۔ یاد رہے کہ جیک ٹیکسیرا اپنی گرفتاری سے قبل میساچوسٹس میں کیپ کوڈ پر اوٹس ایئر نیشنل گارڈ بیس میں ایک ایئر مین فرسٹ کلاس تھا، جہاں اس نے سائبر ڈیفنس آپریشنز ٹریول مین، یا انفارمیشن ٹیکنالوجی سپورٹ ماہر کے طور پر کام کیا۔ نچلے درجے کے ایئر مین ہونے کے باوجود جیک ٹیکسیرا نے اعلیٰ خفیہ سیکورٹی کلیئرنس حاصل کی تھی۔ یاد رہے کہ گزشتہ برس دسمبر میں امریکی فضائیہ نے اعلان کیا تھا کہ حساس دستاویزات لیک ہونے پر 15 اہلکاروں کی سرزنش کی گئی اور کرنل شون ریلی کو اُس یونٹ کی کمانڈ سے فارغ کر دیا گیا جس سے ملزم جیک ٹیکسیرا کا تعلق تھا۔
اگر آپ اس خبر کے بارے میں مزید معلومات حاصل کرنا چاہتے ہیں تو نیچے دیے گئے لنک پر کلک کریں۔
مزید تفصیل