Loading
اسلام آباد ہائی کورٹ نے سلمان اکرم راجہ کی تمام مقدمات میں حفاظتی ضمانت منظور کرلی۔ اسلام آباد ہائیکورٹ کے چیف جسٹس عامر فاروق نے سیکرٹری جنرل پی ٹی آئی سلمان اکرم راجہ کے خلاف درج مقدمات کی تفصیلات فراہم کرنے سے متعلق درخواست پر سماعت کی۔ پولیس نے اسلام آباد ہائی کورٹ کی احکامات کی روشنی میں سلمان اکرم راجہ کیخلاف درج مقدمات کی تفصیلات عدالت میں جمع کرائیں جس کے مطابق اُن کیخلاف 18 مقدمات درج ہیں۔ پولیس رپورت کے مطابق سلمان اکرم راجہ کے خلاف اسلام آباد میں 10، لاہور میں 6 جبکہ اٹک میں 2 مقدمات درج ہیں۔ عدالت نے سلمان اکرم راجہ کی ہر مقدمے میں دس، دس ہزار روپے کے مچلکوں کے عوض حفاظتی ضمانت منظور کرلی۔ سلمان اکرم راجہ کے وکیل نے کہا کہ عدالت ہمیں متعلقہ عدالتوں میں جانے کیلئے مزید وقت دے جس پر چیف جسٹس نے کہا کہ آپکی اس درخواست میں صرف مقدمات کی تفصیلات تک کی استدعا ہے، آپ حفاظتی ضمانت کیلئے درخواست دائر کردیں۔ عدالت نے استفسار کیا کہ آپ حفاظتی ضمانت جہاں جہاں مقدمات ہیں ان کیلئے چاہتے ہیں؟ سلمان اکرم راجہ کے وکیل نے کہا کہ آپ حفاظتی ضمانت دے دیں ہم متعلقہ عدالت میں پیش ہو جائیں گے۔ عدالت نے سلمان اکرم راجہ کو حفاظتی ضمانت دیتے ہوئے متعلقہ عدالتوں میں پیش ہونے کی ہدایت کردی۔
اگر آپ اس خبر کے بارے میں مزید معلومات حاصل کرنا چاہتے ہیں تو نیچے دیے گئے لنک پر کلک کریں۔
مزید تفصیل