Loading
ملک کے بیشتر علاقوں میں شدید اور خشک سردی کی لہر جاری ہے اور اسکردو میں درجہ حرارت منفی 12تک پہنچ گیا، مری گلیات میں کل بھی مطلع ابر آلود رہنے کی توقع اور پنجاب کے میدانی علاقوں میں دھند اور اسموگ کا امکان ہے۔ محکمہ موسمیات کی پیش گوئی کے مطابق کل ملک کے بیشتر علاقوں میں موسم سرد اورخشک، پہاڑی علاقوں میں صبح اور رات کے اوقات میں شدید سرد رہنے کا امکان ہے جبکہ بالائی علاقوں میں صبح کے اوقات میں کہرا پڑنے کا امکان ہے۔ پنجاب، خیبر پختو نخوا کے زیادہ ترمیدانی علا قوں اور وسطی سندھ میں صبح اور رات کے اوقات میں اسموگ اور درمیانی یا شدید دُھند چھائے رہنے کا امکان ہے، پنجاب کے بیشتر اضلاع میں موسم سرد اور خشک رہنے کی توقع ہے۔ محکمہ موسمیات نے کہا کہ مری، گلیات اور گردو نواح میں موسم شدید سرد اور مطلع ابرآلود رہے گا۔ اعلامیے کے مطابق سیالکوٹ، نارووال، گوجرانوالہ، منگلا، جہلم، راولپنڈی، لاہور، شیخوپورہ، اوکاڑہ، ساہیوال، سرگودھا، فیصل آباد، جھنگ، بھکر، لیہ، ملتان، بہاولپور، بہاولنگر، رحیم یار خان، ڈی جی خان اور گردونواح میں درمیانی سے شدید دھند اور اسموگ چھائے رہنے کا امکان ہے۔ خیبرپختونخواہ کے پہاڑی علاقوں میں موسم شدید سرد رہنے کا امکان ہے جہاں صوابی، مردان، پشاور، نوشہرہ، کوہاٹ،بنوں، ڈیرہ اسماعیل خان اور گردو نواح میں چند مقامات پر دھند پڑنے کا امکان ہے۔ محکمہ موسمیات نے بتایا کہ سندھ کے بیشتر اضلاع میں موسم سرد اورخشک رہنے کا امکان ہے سکھر، شہید بینظیرآباد، شکارپور، کشمور، خیر پور، مو ہنجو داڑو اور گردونواح میں درمیانی سے شدید دھند یا اسموگ چھائے رہنے کا امکان ہے۔ بلوچستان کے پہاڑی علاقوں سمیت بیشتر اضلاع میں موسم سرد اورخشک رہنے کا امکان ہے، کشمیر میں صبح کے اوقات میں موسم شدید سرد اور مطلع ابر آلود رہنے کے علاوہ چند مقامات پر ہلکی بارش اور ہلکی برفباری کا بھی امکان ہے۔ محکمہ موسمیات نے کہا کہ گلگت بلتستان میں موسم شدید سرد اور مطلع جزوی ابرآلود رہنے کی توقع ہے۔ مزید بتایا گیا کہ گزشتہ 24 گھنٹوں کے دوران ملک کے بیشتر علاقوں میں موسم سرد اور خشک جبکہ پہاڑی علاقوں میں شدید سرد رہا، اس دوران شمال مشرقی پنجاب اور کشمیر میں بارش ہوئی، پنجاب کے میدانی علاقوں اور بالائی سندھ میں اسموگ اور دھند چھائی رہی۔ گزشتہ 24 گھنٹوں کے دوران سب سے زیادہ بارش لاہور ایئرپورٹ پر 09 جبکہ شہرمیں 07 ملی میٹر ریکارڈ کی گئی، سیالکوٹ سٹی 09، گوجرانوالہ، قصور 08، حافظ آباد 07 اور نارووال میں 06 ملی میٹر بارش ریکارڈ کی گئی۔ محکمہ موسمیات کے مطابق کم سے کم درجہ حرارت میں اسکردو سب سے آگے رہا جہاں درجہ حرارت منفی13، لہہ منفی12، گوپس منفی 09، استور، گلگت، زیارت منفی08، کوئٹہ، قلات منفی 07، ہنزہ، بگروٹ منفی 06 اورکالام میں منفی 05 ڈگری سینٹی گریڈ ریکارڈ کیا گیا۔
اگر آپ اس خبر کے بارے میں مزید معلومات حاصل کرنا چاہتے ہیں تو نیچے دیے گئے لنک پر کلک کریں۔
مزید تفصیل