Loading
افغانستان میں طالبان کی عبوری حکومت نے اعلان کیا ہے کہ مقامی سطح پر ریل کا انجن تیار کرلیا گیا ہے اور جلد ہی اس کو مقامی ریلوں پر نصب کردیا جائے گا۔ غیرملکی خبر ایجنسی انادولو کی رپورٹ کے مطابق افغان طالبان کی حکومت کے ترجمان ذبیح اللہ مجاہد نے سماجی رابطے کی ویب سائٹ پربیان میں کہا کہ نیشنل ڈیولپمنٹ کمپنی نے مقامی سطح پر ریل کا انجان تیار کرلیا ہے اور ریلوے انجن کی ویڈیو بھی جاری کی، جس میں تین بوگیاں لگی ہوئی ہیں۔ ذبیح اللہ مجاہد نے کہا کہ ملک کی نیشنل ڈیولپمنٹ کارپوریشن نے پہلی دفعہ ایک ریل تیار کی ہے، زیر تعمیر ریلوے ٹریک کی تکمیل کے ساتھ افغانستان مقامی سطح پر تیار اپنی ریل چلائے گا۔ افغانستان کے سرکاری میڈیا کے مطابق کابل میں افغانستان اور قازقستان کے اعلیٰٗ حکام کے درمیان ملاقات ہوئی اور ریلوے کے شعبے میں دو طرفہ تعاون پر تبادلہ خیال کیا گیا۔ افغان وزارت ریلوے نے بیان میں کہا کہ قازقستان کے نائب وزیر تجارت کیرات تربیوف نے افغانستان میں قازقستان کی کمپنیوں کے زیرتعمیر منصوبوں پر روشنی ڈالی اور افغانستان کے راستے کمرشل اور زرعی اشیا کی فراہمی کے لیے قازقستان کی دلچسپی کا اظہار کیا۔ قازقستان کے نائب وزیر نے مزید کہا کہ ان کی حکومت افغانستان کے ریلوے ڈھانچے میں سرمایہ کاری پر دلچسپی رکھتی ہے۔ یاد رہے کہ طالبان نے اگست 2021 میں اس وقت افغانستان کی حکومت سنبھالی تھی جب امریکی سربراہی میں عالمی قوتیں اور افواج دو دہائیوں سے جاری جنگ کا اختتام کرتے ہوئے واپس چلی گئی تھیں۔ طالبان نے حکومت سنبھالنے کے بعد کئی اقدامات کیے تاہم لڑکیوں کی تعلیم اور خواتین کی نوکریوں پر پابندی کے خلاف مغربی طاقتوں نے سخت تنقید کا نشانہ بنایا اور تاحال کسی مغربی ملک نے طالبان کی حکومت کو باقاعدہ تسلیم نہیں کیا۔
اگر آپ اس خبر کے بارے میں مزید معلومات حاصل کرنا چاہتے ہیں تو نیچے دیے گئے لنک پر کلک کریں۔
مزید تفصیل