Loading
متحدہ عرب امارات کے صدر شیخ محمد بن زاید النہیان نے پنجاب کے ضلع رحیم یار خان میں وزیراعظم شہباز شریف کو اپنی گاری بیٹھا کر خود ڈرائیونگ کی اور اس دوران دونوں کے درمیان غیررسمی اور خوش گوار گفتگو ہوئی۔ وزیراعظم آفس نے وزیرِ اعظم شہباز شریف کی متحدہ عرب امارات کے صدرشیخ محمد بن زاید النہیان سے رحیم یار خان میں ملاقات کی خبر اور ویڈیو جاری کی، جس میں دیکھا جاسکتا ہے کہ دونوں انتہائی خوش گوار موڈ میں گفتگو کر رہے ہیں۔ صدر متحدہ عرب امارات شیخ محمد بن زاید النہیان نے خود گاڑی چلائی اور وزیر اعظم شہباز شریف ان کے ساتھ بیٹھے ہوئے ہیں اور گاڑی میں کافی دیر تک دونوں رہنماؤں کی غیر رسمی اور خوشگوار گفتگو ہوئی۔ وزیرِاعظم نے صدر متحدہ عرب امارات کو ان کے دوسرے گھر پاکستان میں خوش آمدید کہا اور غیر رسمی گفتگو کے دوران دونوں رہنما ہنستے مسکراتے نظر آئے۔ اس سے قبل وزیراعظم کے دفتر سے جاری اعلامیے میں کہا گیا تھا کہ دونوں رہنماؤں نے دوطرفہ تعلقات کو مزید مضبوط بنانے پر اتفاق کیا اور اقتصادی، سیاسی اور ثقافتی تعلقات کو مزید فروغ دینے کے لیے مشترکہ عزم کا اظہار کیا۔ انہوں نے اقتصادی تعاون، علاقائی استحکام، موسمیاتی تبدیلی اور عالمی سطح پر باہمی مفادات کے فروغ سمیت متعدد امور پر تبادلہ خیال کیا اور صدر متحدہ عرب امارات نے پاکستان کی معیشت مستحکم کرنے کے لیے وزیراعظم شہباز شریف کی متحرک قیادت کی تعریف کی اور زور دیا کہ اس نئی اقتصادی قوت نے دو طرفہ سرمایہ کاری اور تعاون میں اضافے کے امکانات پیدا کیے ہیں۔
اگر آپ اس خبر کے بارے میں مزید معلومات حاصل کرنا چاہتے ہیں تو نیچے دیے گئے لنک پر کلک کریں۔
مزید تفصیل