Loading
غزہ میں اسرائیلی فورسز کی بے لگام بمباری سے گزشتہ روز مزید 31 فلسطینی شہید اور 57 زخمی ہو گئے۔ عرب میڈیا الجزیرہ نے غزہ کی وزارت صحت کے حوالے سے بتایا ہے کہ 7 اکتوبر 2023 سے اب تک اسرائیلی جارحیت میں 45 ہزار 885 فلسطینی شہید اور سوا لاکھ کے قریب زخمی ہو چکے ہیں۔ اقوام متحدہ کے ادارہ برائے خوراک ورلڈ فوڈ پروگرام (ڈبلیو ایف پی)نے غزہ کی پٹی میں اپنے امدادی قافلے پر اسرائیلی فائرنگ کی مذمت کی ہے۔سیکریٹری جنرل اقوام متحدہ کے ترجمان سٹیفن دوجارک نے کہا ہے کہ اسرائیلی فوج نے تین گاڑیوں پر مشتمل قافلے پر فائرنگ کی، 16 گولیاں گاڑیوں کو لگیں۔ اقوام متحدہ کے ریلیف چیف ٹام فلیچر کا کہنا ہے کہ جنگ اور ورلڈ فوڈ پروگرام کے قافلے پر حملے کے پیش نظر مصائب زدہ اہلیان غزہ کو بچانے کی کوششوں کو سنگین خطرہ لاحق ہے۔اسرائیلی فورسز نے مغربی کنارے میں غیرقانونی یہودی آباد میں تین اسرائیلیوں کو فائرنگ سے ہلاک کرنے والے دو فلسطینیوں کی تلاش کے لیے آپریشن شروع کر دیا۔ اسرائیلی فوج کے مطابق غزہ میں فلسطینی مزاحمت کاروں کے حملے میں اسرائیلی فوج کا 28 سالہ میجر ریواہ اور 24 سالہ کیپٹن شخنازی ہلاک ہو گئے ہیں۔ امریکی وزیر خارجہ انٹونی بلنکن نے نیوز کانفرنس میں کہا ہے کہ امریکا نے صدر جو بائیڈن کے عہدہ چھوڑنے سے قبل غزہ میں جنگ بندی کے معاہدے کو حتمی شکل دینے پر زور دیا ہے۔ان کا یہ بیان حماس کے اس بیان کے بعد سامنے آیا ہے جس میں کہا گیا تھا کہ معاہدے کے تحت رہا کیے جانے والے 34 اسرائیلی یرغمالیوں کی فہرست بنا لی گئی ہے۔ دوسری جانب نومنتخب امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے امریکی ریڈیو ٹاک شو میں پھر دھمکی دیتے ہوئے کہا ہے کہ میرے اقتدار سنبھالنے تک یرغمالی رہا نہ ہوئے تو نتائج بھگتنا ہونگے۔ ذرائع نے سعودی نشریاتی ادارے کو اطلاع دی ہے کہ جنگ کے بعد غزہ کے انتظام کے طریقہ کار پر اتفاق کرنے کے لیے فتح اور حماس کے وفود کے درمیان اجلاس دوبارہ ہو رہا ہے۔ یہ چوتھی بار ہے کہ دونوں فلسطینی وفود مصر کے دارالحکومت میں ملے ہیں۔
اگر آپ اس خبر کے بارے میں مزید معلومات حاصل کرنا چاہتے ہیں تو نیچے دیے گئے لنک پر کلک کریں۔
مزید تفصیل