Saturday, July 19, 2025
 

اسرائیلی شہری پیسوں کی خاطر ایران کیلئے جاسوسی کرنے لگے، حکومت کی سخت وارننگ جاری

 



تل ابیب: اسرائیلی حکومت نے ملک بھر میں ایک نئی اشتہاری مہم کا آغاز کر دیا ہے جس کا مقصد شہریوں کو ایران کے لیے جاسوسی کرنے سے روکنا اور اس کے ممکنہ نتائج سے خبردار کرنا ہے۔ یہ مہم بدھ کے روز شروع کی گئی، جسے 'آسان رقم، بھاری قیمت' (Easy Money, Heavy Cost) کا نام دیا گیا ہے۔ مہم کے تحت ریڈیو، انٹرنیٹ ویب سائٹس اور سوشل میڈیا پر مختصر اشتہارات نشر کیے جا رہے ہیں۔ اسرائیلی میڈیا کے مطابق، اس مہم کو شین بیت (اسرائیلی سکیورٹی ایجنسی) اور نیشنل پبلک ڈپلومیسی ڈائریکٹوریٹ نے مشترکہ طور پر تیار کیا ہے۔ مہم کے دو 20 سیکنڈ کے اشتہارات میں عام زندگی گزارنے والے اسرائیلی شہریوں کو دکھایا گیا ہے، جنہیں ایران سے پیسے لے کر جاسوسی کرنے کی پیشکش کی گئی۔ اشتہارات میں سوال اٹھایا گیا ہے: ’’5 ہزار شیکل کے لیے کیا آپ اپنی زندگی اور خاندان کو برباد کرنا چاہیں گے؟‘‘ (5 ہزار شیکل = تقریباً 1490 امریکی ڈالر) اشتہار میں بتایا گیا کہ ایران کے لیے جاسوسی کرنے والے افراد کو 15 سال تک قید کی سزا ہو سکتی ہے، اور کئی ایسے افراد اب جیلوں میں موجود ہیں۔ شین بیت اور پولیس کے مطابق، گزشتہ ایک سال کے دوران 35 سے زائد افراد کو ایران کے لیے جاسوسی کے الزام میں گرفتار کیا گیا، جن پر سیکیورٹی سے متعلق سنگین الزامات عائد کیے جا چکے ہیں۔ حکام کا کہنا ہے کہ ایران آن لائن پلیٹ فارمز کے ذریعے اسرائیلی شہریوں کو ہدف بناتا ہے، انہیں پیسے کا لالچ دے کر حساس معلومات اکٹھی کرواتا ہے، جو اسرائیل کی قومی سلامتی کے لیے خطرہ ہے۔  

اگر آپ اس خبر کے بارے میں مزید معلومات حاصل کرنا چاہتے ہیں تو نیچے دیے گئے لنک پر کلک کریں۔

مزید تفصیل