Loading
بھارتی ریاست چھتیس گڑھ کے ضلع بیجاپور میں 28 سالہ صحافی مکیش چندراکر 3 جنوری کو ایک ٹھیکیدار کی ملکیت سیوریج ٹینک میں مردہ پائے گئے۔ بھارتی میڈیا کے مطابق ایک مقامی نیوز چینل کے لیے کام کرنے والے مکیش چندراکر نے حال ہی میں بدعنوانی کا پردہ فاش کیا تھا۔ رپورٹ کے مطابق مکیش چندراکر نے حال ہی میں ایک ٹھیکیدار سریش چندراکر کے خلاف تحقیقاتی رپورٹ دی تھی۔ مکیش چندراکر یکم جنوری کی رات سے لاپتا تھے، مردہ حالت میں پائے گئے صحافی نے 120 کروڑ روپے کی لاگت سے بننے والی ایک سڑک کی تعمیر کے منصوبے میں مبینہ بے ضابطگیوں کا انکشاف کیا تھا۔ ان کی رپورٹ کے انکشاف کے بعد حکومت نے ٹھیکیدار کی سرگرمیوں کے بارے میں تحقیقات شروع کردی تھیں۔ مکیش چندرا نے کنٹریکٹر کی ملکیت میں موجود ایک مقام پر سریش چندراکر کے بھائی رتیش سے ملاقات کی تھی، اس کے بعد سے ان کا فون بند جا رہا تھا جس کے بعد صحافی کے بڑے بھائی یوکیش چندراکر نے ان کی گمشدگی کی رپورٹ درج کرائی تھی۔ 3 جنوری کو مکیش چندراکر کی لاش چٹن پارہ میں سریش کی ملکیت میں موجود ایک گھر کے احاطے میں پانی کے ٹینک کے اندر سے ملی تھی جہاں صحافی کو آخری بار دیکھا گیا تھا۔ ایک سینئر پولیس اہلکار نے بتایا کہ متاثرہ شخص کے بھائی نے ہمیں بتایا کہ مکیش یکم جنوری سے لاپتا ہے، ہم نے کارروائی شروع کی، سی سی ٹی وی فوٹیج کو اسکین کیا اور اس کی آخری لوکیشن بھی ملی، ہمیں آج شام کو مکیش کی لاش ٹینک کے اندر ملی۔
اگر آپ اس خبر کے بارے میں مزید معلومات حاصل کرنا چاہتے ہیں تو نیچے دیے گئے لنک پر کلک کریں۔
مزید تفصیل