Friday, August 29, 2025
 

پاکستان نے بھارتی طیارے مارگرانے کیساتھ سفارتی میدان بھی مارلیا، معروف ماہر عالمی امور

 



معروف فارن پالیسی ایکسپرٹ ایلدار میمدوف نے پاک-امریکا تعلقات کے حوالے سے اپنے آرٹیکل میں لکھا ہے کہ پاکستان نے بھارت کے طیارے مار گرائے اور سفارتی میدان میں برتری حاصل کرتے ہوئے امریکا میں اپنی پوزیشن بہتر بنائی اور صدر ٹرمپ کی قربت حاصل کر لی ہے۔ ایلدار میمدوف نے لکھا کہ ٹرمپ نے کانگریس میں خطاب کے دوران انسداد دہشت گردی پر پاکستان کی تعریف کی اور واشنگٹن میں پاکستان کے نئے حامی سامنے آئے ہیں۔ انہوں نے اپنے آرٹیکل میں بتایا کہ بھارت نے مئی میں کشمیر حملے کے بعد پاکستان پر حملہ کیا، مگر پاکستان نے بھارتی طیارے مار گرائے، چار روزہ جنگ میں ٹرمپ کی مداخلت سے کشیدگی ختم ہوئی اور پاکستان نے جنگ بڑھانے سے گریز کیا۔ ایلدار میمدوف نے کہا کہ پاکستان نے ٹرمپ کی ثالثی کو سراہا اور نوبل انعام کے لیے نامزد بھی کیا جبکہ بھارت نے ٹرمپ کے کردار کی تردید کی مگر پاکستان نے سفارتی میدان میں سبقت حاصل کرلی۔ پاکستان کے کردار پر انہوں نے مزید لکھا کہ مودی کی واشنگٹن آمد نہ ہوسکی جبکہ ٹرمپ نے وائٹ ہاؤس میں فیلڈ مارشل عاصم منیر کو مدعو کیا۔ ماہر عالمی امور نے کہا کہ جنرل عاصم منیر کے مستقل مزاج اور متوازن رویے نے ٹرمپ کو متاثر کیا، ٹرمپ اور فیلڈ مارشل منیر کے تعلقات “برو مینس” کی شکل اختیار کر گئے ہیں۔ انہوں نے لکھا ہے کہ امریکا نے پاکستان کے ساتھ بڑے معاشی معاہدے کیے جبکہ بھارت پر اضافی ٹیرف لگا کر ٹرمپ نے نئی دہلی کو بیجنگ اور ماسکو کی طرف دھکیل دیا ہے اور مودی 7 سال بعد پہلی بار بیجنگ کے دورے پر جانے پر مجبور ہوئے ہیں۔ ایلدار میمدوف نے کہا کہ امریکا کے جھکاؤ کے باوجود سوال باقی ہے کہ کیا واشنگٹن کی پالیسی واقعی بدل گئی یا یہ محض وقتی اشارے ہیں یا نیشنل انٹرسٹ۔

اگر آپ اس خبر کے بارے میں مزید معلومات حاصل کرنا چاہتے ہیں تو نیچے دیے گئے لنک پر کلک کریں۔

مزید تفصیل