Loading
پاک فوج اور محکمہ صحت عامہ کے زیر اہتمام آزاد کشمیر میں جہلم ویلی کے علاقے ساون میں فری میڈیکل کیمپ کا انعقاد کیا گیا، جس میں شہدا اور غازیوں کے لواحقین سمیت علاقہ عوام کی کثیر تعداد نے شرکت کی ۔ فری میڈیکل کیمپ میں ڈاکٹرز نے مریضوں کا طبی معائنہ کیا۔ اس موقع پر مفت ادویات بھی فراہم کی گئیں۔ میڈیکل کیمپ میں شعبہ گیسٹرو انٹرالوجسٹ، گائنا کالوجسٹ، میڈیکل اسپشلسٹ و دیگر ماہرین صحت موجود تھے۔ علاقہ عوام نے فری میڈیکل کیمپ کے انعقاد پر پاک فوج کی اس کاوش کا خیر مقدم کیا اور مستقبل میں بھی اس طرح کے اقدامات کا سلسلہ جاری رکھنے کی خواہش کا اظہار کیا۔ بعد ازاں پاک فوج کی جانب سے ریٹائرڈ فوجیوں اور شہدا کے اہل خانہ کی فلاح و بہبود کے لیے پروگرام کا انعقاد بھی کیا گیا، جس میں کثیر تعداد میں ریٹائرڈ فوجیوں اور شہدا کے اہل خانہ نے شرکت کی ۔ پروگرام میں ایک موبائل شکایت سیل قائم کیا گیا، جہاں ویٹرنز کی شکایات سنی گئیں اور ان کے حل کے لیے اقدامات کو عملی جامہ پہنایا گیا۔ پاک فوج کی جانب سے آزاد کشمیر کے دور دراز کے علاقوں میں اس طرح کے میڈیکل کیمپس کا سلسلہ سال بھر جاری رہتا ہے، جسے مقامی افراد کی جانب سے بھرپور پذیرائی ملتی ہے۔
اگر آپ اس خبر کے بارے میں مزید معلومات حاصل کرنا چاہتے ہیں تو نیچے دیے گئے لنک پر کلک کریں۔
مزید تفصیل