Sunday, May 19, 2024

کورنگی میں دو دوستوں کے قتل کی تحقیقات، برطرف پولیس اہلکار کا کرمنل ریکارڈ نکل آیا

 



کراچی: کورنگی بلال کالونی میں فائرنگ کے واقعے میں دو دوستوں کے قتل کے واقعے کی تحقیقات میں ہوشربا انکشافات سامنے آگئے، پولیس ریکارڈ نے ہی سندھ پولیس کی بھرتی کی شفافیت پر بھی سوالا اٹھادیے، دہرے قتل کے مرکزی ملزم برطرف پولیس اہلکار محمد دانش کے کرمنل ریکارڈ نے پول کھول دی۔

ایکسپریس کے مطابق کورنگی صنعتی ایریا تھانے کےعلاقے کورنگی بلال کالونی میں فائرنگ کے واقعے میں 2 دوستوں 36 سالہ محمد علی اور40 سالہ امتیاز کو قتل کرنے کا مقدمہ پانچ ملزمان سلطان، نادر، نعمان عرف شاہو پٹھان، سابق پولیس اہلکار دانش اور ایک صورت شناس نامعلوم ملزم کے خلاف درج کیا گیا تھا۔

دہرے قتل کی واردات کی تحقیقات میں ہوشربا انکشافات سامنے آئے ہیں۔ ریکارڈ کے مطابق ملزم محمد دانش جرائم پیشہ ہونے کے باوجود محکمہ پولیس میں بھرتی ہوا، ملزم 2015ء سے خطرناک جرائم میں ملوث تھا جبکہ 2017ء میں وہ پولیس میں بھرتی ہوا، ملزم محمد دانش پہلی بار 2015ء میں جیکسن پولیس کے ہاتھوں اغوا کے الزام میں گرفتار ہوا، ملزم کو 2015ء میں ہی فیروز آباد پولیس نے لوٹ مار کے الزام میں گرفتار کیا۔

پولیس میں بھرتی کے اگلے ہی سال ملزم محمد دانش کو فیروز آباد پولیس نے مبینہ مقابلے کے بعد گرفتار کیا، ملزم کے خلاف فیروز آباد پولیس نے مقابلے کے علاوہ اسلحہ ایکٹ اور ایکسپلوزیو ایکٹ کے تحت بھی دو مقدمات درج کیے، 2020ء میں ملزم محمد دانش سنگین الزامات میں کورنگی صنعتی ایریا پولیس کے ہاتھوں تین بار گرفتار ہوا۔

ذرائع کے مطابق سال 2020ء میں ہی محمد دانش کو محکمہ پولیس سے برطرف کردیا گیا، ریکارڈ کے مطابق 2021ء میں منشیات فروشی کے الزام میں بھی کورنگی صنعتی ایریا پولیس کے ہاتھوں گرفتار ہوا، ملزم محمد دانش کے خلاف مختلف تھانوں میں مجموعی طور پر 9 مقدمات درج ہیں۔

ذرائع کا کہنا ہے کہ محمد دانش برطرف ہونے کے باوجود تھانہ کورنگی صنعتی ایریا کی اسپیشل پارٹی بھی چلا رہا تھا، ریکارڈ کے مطابق ملزم محمد دانش صنعتی ایریا بلال کالونی میں رہائشی ہے اور اس کا آبائی تعلق ہری پور کے علاقے چھپل غازی سے ہے۔

اگر آپ اس خبر کے بارے میں مزید معلومات حاصل کرنا چاہتے ہیں تو نیچے دیے گئے لنک پر کلک کریں۔

مزید تفصیل