Loading
قومی سلامتی کمیٹی اجلاس میں عدم شرکت کے اعلان پر وزیر دفاع خواجہ آصف نے تحریک انصاف کو آڑے ہاتھوں لے لیا۔ سماجی رابطے کی ویب سائٹ ’’ایکس‘‘ پر خواجہ آصف نے لکھا کہ پی ٹی آئی نے آج اس بات کو ثابت کر دیا ہے کہ عمران خان اول اور آخر ان کی ترجیح ہے، وطن کی سلامتی اور امن پی ٹی آئی کے لیے اہمیت نہیں رکھتے۔ انہوں نے لکھا کہ ’’خان نہیں تو پاکستان نہیں‘‘ ان کا نصب العین ہے۔ وزیر دفاع نے کہا کہ وطن دہشت گردی کی آگ میں جل رہا ہے اور پی ٹی آئی اپنے مفادات کی سیاست کر رہی ہے، اس سے بڑھ کے وطن دشمنی کیا ہو سکتی ہے۔ واضح رہے کہ پی ٹی آئی نے قومی سلامتی کمیٹی کے اجلاس میں شرکت عمران خان سے ملاقات کرانے سے مشروط کی تھی۔ سیاسی کمیٹی کے اجلاس میں گفتگو کرتے ہوئے شیخ وقاص اکرم کا کہنا تھا کہ تمام ممبران نے اس بات پر اتفاق کیا ہے کہ پی ٹی آئی اس وقت تک سلامتی کمیٹی کی میٹنگ میں شرکت نہیں کرے گی جب تک پارٹی کے رہنماؤں کو بانی چیئرمین عمران خان سے ملاقات کی اجازت نہ دی جائے۔ انکا مزید کہنا تھا کہ اگر بانی چیئرمین سے ملاقات کرائی جاتی ہے تو ہی پی ٹی آئی اجلاس میں شرکت کرے گی۔
اگر آپ اس خبر کے بارے میں مزید معلومات حاصل کرنا چاہتے ہیں تو نیچے دیے گئے لنک پر کلک کریں۔
مزید تفصیل