Loading
سنٹرل ڈویلپمنٹ ورکنگ پارٹی(سی ڈی ڈبلیو پی)نے مجموعی طور پر 151 ارب 32 کروڑ 90 لاکھ روپے مالیت کے6 ترقیاتی منصوبوں کی منظوری دے دی، جن میں سے 140.129 ارب روپے مالیت کے دو منصوبے ایکنک کو بھیج دیے گئے ہیں۔ تفصیلات کے مطابق سنٹرل ڈویلپمنٹ ورکنگ پارٹی(سی ڈی ڈبلیو پی)کا اجلاس منگل کووفاقی وزیر احسن اقبال کی زیر صدارت منعقد ہوا، اجلاس میں سی ڈی ڈبلیو پی نے 6 ترقیاتی منصوبوں کی منظوری دی جن میں سے چار منصوبے 11.20 ارب روپے مالیت کے سی ڈی ڈبلیو پی نے منظور کیے ہیں اور140.129 ارب روپے کے دو منصوبے مالیت کے ایکنک کو بھیج دیے گئے ہیں۔ اجلاس میں اعلیٰ تعلیم، سیاحت اور ٹرانسپورٹ منصوبوں پر غور کیا گیا، سی ڈی ڈبلیو پی کی جانب سے جن چار تعلیمی منصوبوں کی منظوری دی گئی ہے ان میں کراچی یونیورسٹی اور نینو سائنس سینٹر شامل ہیں، اس کے علاوہ خیبر پختونخوا میں سیاحت کے فروغ کے لیے 27.3 ارب روپے کا منصوبہ ایکنک کو بھجوا دیا گیا۔ اسی طرح خیبر پختونخوا میں دیہی رابطہ سڑکوں کی بہتری کا 112.8 ارب روپے کا منصوبہ ایکنک کے سپرد کردیا گیا۔ اجلاس میں بتایا گیا کہ سیاحتی اور ٹرانسپورٹ منصوبے عالمی بینک کے تعاون سے مکمل ہوں گے۔
اگر آپ اس خبر کے بارے میں مزید معلومات حاصل کرنا چاہتے ہیں تو نیچے دیے گئے لنک پر کلک کریں۔
مزید تفصیل