Loading
ایم کیوایم پاکستان نے اپنے رکن قومی اسمبلی اقبال محسود کو گورنر سندھ پر شدید تنقید کرنے پر اظہار وجوہ کا نوٹس جاری کردیا، 24 مارچ کو اپنا وضاحتی بیان مرکز میں جمع کرانے کی ہدایت، جواب نہ دینے کی صورت میں پارٹی قوانین کے مطابق کارروائی کی جائے گی۔ ایم کیو ایم کے جاری کردہ اظہار وجوہ نوٹس کے مطابق ضلع شرقی کراچی سے منتخب رکن قومی اسمبلی محمد اقبال محسود نے ایک تقریب میں گورنر سندھ کامران خان ٹیسوری پر شدید تنقید کی تھی اور سخت جملوں کا استعمال کیا تھا جس پر ایم کیو ایم پاکستان نے نوٹس لیتے ہوئے شوکاز نوٹس جاری کیا جس میں رکن قومی اسمبلی اقبال محسود سے وضاحت طلب کی ہے۔ ایم کیو ایم کا کہنا ہے کہ ہمارے علم میں آیا ہے کہ آپ نے ایم کیو ایم کے نامزد گورنر سندھ پر شدید تنقید کا نشانہ بنایا ہے اور غیرمناسب زبان استعمال کی ہے، گورنر سندھ کے حوالے سے جو تنظیمی نظم وضبط کی خلاف ورزی ہے اس پر آپ کو ہدایت کی جاتی ہے کہ 24 مارچ کو تنظیمی مرکز بہادرآباد میں پیش ہوکر تحریری جواب جمع کرائیں، اگر جواب جمع نہیں کرایا تو آپ کے خلاف پارٹی نظم وضبط کی خلاف ورزی پر سخت کاروائی کی جائے گی۔ واضح رہے کہ رکن قومی اسمبلی اقبال محسود نے ایک تقریب میں گورنر سندھ، میئر کراچی، حکومت اور میڈیا کے خلاف انتہائی غیرمناسب جملوں کا استعمال کیا تھا جس پر پارٹی نے سخت ایکشن لینے کا فیصلہ کیا ہے۔
اگر آپ اس خبر کے بارے میں مزید معلومات حاصل کرنا چاہتے ہیں تو نیچے دیے گئے لنک پر کلک کریں۔
مزید تفصیل