Wednesday, March 19, 2025
 

لیاری ڈیولپمنٹ اتھارٹی نے 6 بڑے نادہندہ رہائشی پروجیکٹس کے ڈیولپمنٹ پرمٹ منسوخ کردیے

 



لیاری ڈیولپمنٹ اتھارٹی نے 160 ایکڑ سے زائدرقبے پر محیط کراچی کے 6 بڑے نادہندہ رہائشی پروجیکٹس کے ڈیولپمنٹ پرمٹ اور پرپوز لے آئوٹ پلان منسوخ کردیے،  جی ایف ایس بلڈرز اینڈ ڈیولپرز کو او ڈی سی کی مد میں30 کروڑ سے زائد کی عدم ادائیگی پر فائنل نوٹس جاری کردیا گیا۔ تفصیلات کے مطابق لیاری ڈیولپمنٹ اتھارٹی نے او ڈی سی کی مد میں اپنے اربوں روپے کی وصولی کیلیے کمر کس لی ہے اور اس سلسلے میں تیزی کے ساتھ کارروائیوں کا سلسلہ شروع کردیا گیا ہے ، ڈائریکٹر جنرل ایل ڈی اے صفدر علی بھگیو کی ہدایت پر اسسٹنٹ ڈائریکٹر پلاننگ سید نبیل حسن نے بڑی کارروائی کرتے ہوئے کراچی کے 6 بڑے رہائشی وتجارتی منصوبوں کے ڈیولپمنٹ پرمٹ اور پرپوز لے آئوٹ پلان منسوخ  کردیے ہیں۔  ان پروجیکٹس میں دیہہ بندمراد میں 48 ایکڑ رقبے پر منظور کیا گیا الغفور پروجیکٹ، دیہہ جام چاکرو میں17 ایکڑ رقبے پر منظور کیا گیا کینال ویو پروجیکٹ، دیہہ منگھو پیر میں12 ایکڑ رقبے پر منظورکیا گیا علی ڈریم سٹی، دیہہ جام چاکرو میں30 ایکڑ رقبے پر منظورکیا گیا علی ڈریم سٹی، دیہہ ہلکانی میں 30 ایکڑ 32 گھنٹا پر منظور کیا گیا الجنت سٹی اور دیہہ ہلکانی میں 28 ایکڑ 20 گھنٹا پر منظور کیا گیا الویشاء ہائوسنگ پروجیکٹ شامل ہیں۔  سندھ بلڈنگ کنٹرول اتھارٹی کو مذکورہ پروجیکٹس کے نقشہ جات اور سیل این اوسیز کی منسوخی کیلیے بھی خطوط ارسال کردیے گئے ہیں جبکہ ڈی جی ایل ڈی اے کی ہدایت پرعوام الناس کو آگاہی کیلیے ذرائع ابلاغ میں نوٹس شائع کرائے جارہے ہیں اور اس حوالے سے محکمہ اطلاعات سندھ کو خطوط بھی ارسال کیے گئے ہیں۔ دوسری طرف تقریباً 30 کروڑ سے زائد کے نادہندہ جی ایف ایس بلڈرز اینڈ ڈیولپرز کے پروجیکٹس جس میں  نارتھ ٹائون ریزیڈنسی پریمیئم بلاک،نارتھ ٹائون ولاز ایکسٹیشن ،نارتھ ٹاؤن ریزیڈنسی فیزII بلاک IV،نارتھ ٹاؤن ریزیڈنسی فیزII بلاکII اورنگی ٹائون ریزیڈنسی بلاک سی،نارتھ ٹاؤن انڈسٹریل زون فیزII سمیت دیگر پروجیکٹ شامل ہیں جو ایل ڈی اے کے آئوٹر ڈیولپمنٹ چارجز کی مد میں 30 روپے سے زائد کے نادہندہ بتائے جاتے ہیں۔ ایل ڈی اے کی جانب سے جاری کیے گئے فائنل نوٹس میں جی ایف ایس بلڈر اینڈ ڈیولپرز کو تین روز میں ادائیگی کی ہدایت کی گئی ہے اور واضح کیا گیا ہے عدم ادائیگی کی صورت میں مذکورہ تمام پروجیکٹس کا پروپوز لے آؤٹ پلان اور ڈیولپمنٹ پرمٹ منسوخ کردیا جائے گا۔  

اگر آپ اس خبر کے بارے میں مزید معلومات حاصل کرنا چاہتے ہیں تو نیچے دیے گئے لنک پر کلک کریں۔

مزید تفصیل