Loading
چکوال کے گاؤں گھگھ کی حویلی میں بہن بھائی کے ساتھ جانوروں جیسا سلوک اور دو سال تک قید میں رکھنے کے کیس میں کوئی پیش رفت نہ ہوسکی۔ ایکسپریس نیوز کے مطابق تھانہ نیلہ چکوال پولیس نے 12 فروری کو گھگھ میں واقع حویلی سے لاش برآمد کی تھی، چکوال پولیس نے واقع میں بچ جانے والے حسن رضا کو تاحال حفاظتی تحویل میں رکھا ہوا ہے، چکوال پولیس نے پوسٹ مارٹم سیملز کیمیکل ایگزامینیشن کے لیے لاہور فرانزک لیبارٹری بھجوائے تھے، ڈیڑھ ماہ کا عرصہ گزر جانے کے باوجود جبین بی بی کی موت کی وجہ سامنے نہیں آسکی، پوسٹ مارٹم رپورٹ میں مسلسل تاخیر سے پولیس ملزمان کے خلاف تفتیش مکمل کرنے میں ناکام ہے۔ نیلہ پولیس نے چوہدری عنصر محمود، اس کے بھائی شکیل اور اشرف کو گرفتار کیا تھا، تینوں ملزمان تاحال جوڈیشل ریمانڈ پر جہلم جیل میں بند ہیں، نیلہ پولیس کو حسن رضا کی میڈیکل رپورٹ بھی تاحال موصول نہیں ہوسکی۔ میڈیکل رپورٹ میں واضح ہوگا کہ حسن رضا کی ذہنی اور جسمانی حالت کیسی ہے، پولیس نے چکوال المناک واقع پر گمنام خط کے تناظر میں ملزمان کے خلاف قتل کا مقدمہ درج کیا تھا، پوسٹ مارٹم رپورٹ، میڈیکل رپورٹ اور پولیس کی سستی سے ملزمان کو فائدہ پہنچنے کا امکان ہے۔ ایکسپریس نیوز نے اہم شواہد کی تاخیر پر چکوال پولیس سے رابطہ کیا تو پولیس نے بات کرنے سے انکار کردیا، تھانہ نیلہ پولیس کے ایس ایچ او نے تمام سوالات کے جوابات کو آئی جی پنجاب پولیس کی اجازت سے منسوب کردیا، پولیس نے ایکسپریس نیوز ٹیم کو حسن رضا سے ملاقات کی اجازت نہیں دی، چکوال انتہائی المناک واقع پر انسانی حقوق کی تمام تنظیمیں بھی خاموش ہیں۔
اگر آپ اس خبر کے بارے میں مزید معلومات حاصل کرنا چاہتے ہیں تو نیچے دیے گئے لنک پر کلک کریں۔
مزید تفصیل