Loading
بلدیہ میں سروس اسٹیشن کے اندر شاگرد نے جھگڑے کے دوران استاد کو دھکا دے دیا جو آہنی گرل سے سر ٹکرانے کے باعث شدید زخمی ہو کر دم توڑ گئے اور پولیس نے ملزم کو گرفتار کرلیا۔ ایس ایچ او بلدیہ عمران سعد نے بتایا کہ واقعہ جھگڑے کے دوران پیش آیا اور مقتول کی شناخت 51 سالہ محمد جنید ظہور کے نام سے کی گئی جو کہ سروس اسٹیشن پر گاڑیاں دھونے کا کام کرتا تھا۔ انہوں نے بتایا کہ جس وقت واقعہ پیش آیا جنید اور اس کے شاگرد محمد صالح کے درمیان کسی بات پر تلخ کلامی اور اس دوران محمد صالح نے مبینہ طور پر جنید کو دھکا دیا تو وہ زمین پر گر گیا اس دوران وہاں موجود آہنی گرل سے اس کا سر ٹکرانے سے وہ شدید زخمی ہوگئے۔ ایس ایچ او نے کہا کہ محمد جنید کو زخمی حالت میں ابتدائی طبی امداد کے لیے قریبی اسپتال منتقل کیا گیا جہاں وہ زخموں کی تاب نہ لاتے ہوئے دم توڑ گئے۔ انہوں نے بتایا کہ مقتول بلدیہ 11 نمبر کا رہائشی اور 3 بچوں کا باپ تھا تاہم پولیس نے ملزم محمد صالح کو گرفتار کرلیا ہے۔ بعدازاں مقتول کی لاش نجی اسپتال سے ضابطے کی کارروائی کے لیے سول اسپتال منتقل کر دی گئی جبکہ پولیس گرفتار ملزم سے واقعے سے متعلق مزید معلومات حاصل کر رہی ہے۔
اگر آپ اس خبر کے بارے میں مزید معلومات حاصل کرنا چاہتے ہیں تو نیچے دیے گئے لنک پر کلک کریں۔
مزید تفصیل