Tuesday, April 08, 2025
 

پانی کے مسئلے پر پیپلز پارٹی کا اپنا ووٹر بھی ناراض ہے

 



ایکسپریس میڈیا گروپ کے گروپ ایڈیٹر ایاز خان نے کہا ہے ٹرمپ نے چین کے ساتھ اسکور برابر کرنے کے لیے پوری دنیا کا بیڑا غرق کرنے کا بیڑا اٹھا لیا جس پرامریکا کے اندر بھی آوازیں اٹھ رہی ہیں۔  انھوں نے ’’ایکسپرٹس ‘‘میں گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ ٹرمپ نے امریکا سمیت پوری دنیا کو ہلا کر رکھ دیا ہے یہ ایشین ممالک کیلیے بہت بڑا بحران ہے، پیپلز پارٹی کو پانی کے مسئلے پرصرف قوم پرست جماعتوں کی طرف سے مشکلات نہیں بلکہ کا اس کا اپنا ووٹر بھی ناراض ہے۔  بیوروچیف اسلام آباد عامر الیاس رانا نے کہا کہ صدر ٹرمپ نے اپنا کارڈکھیلنا ہے کیونکہ ان کی کئی کمپنیاں ڈوب گئی ہیں، امریکا اورچین کی لڑائی میں پاکستان جیسے ترقی پذیر ممالک کی ایسی تیسی ہو جانی ہے، مقامی صنعت بچانے کیلیے ہمارے پاس ٹیرف لگانے کی گنجائش نہیں ہے جبکہ ہماری صنعت چیخ رہی ہے کہ ہم نے اربوں کی سرمایہ کاری کی ہوئی ہے۔ انہوں نے کہا کہ پانی کا مسئلہ حقیقی ہے، وزیراعظم اسے حل کرنے کیلیے مشترکہ مفادات کی کونسل جلد بلا لیں۔  بیورو چیف کراچی فیصل حسین نے کہا کہ روایتی جنگوں کا زمانہ نہیں رہا عالمی تجارتی جنگ شروع ہو گئی جس میں تما م ممالک حصہ بن گئے ہیں، جب دنیا اپنی اسٹاک مارکیٹس نہیں بچا پا رہیں تو ہم کیسے بچا سکتے ہیں؟، شہری اوردیہی سندھ میں تفریق بہت زیادہ ہو گئی، ایک دوسرے کے مسئلے کو مسئلہ نہیں سمجھتے، پانی کے تنازع پر دیہی سندھ میں تحریک چل رہی ہے۔  تجزیہ کار خالد قیوم نے کہاکہ ٹرمپ کے اقدامات کے اثرات پوری دنیا پر پڑے ہیں جن ممالک کے ساتھ امریکا کا تجارتی خسارہ زیادہ ہے ان پر اسی تناسب سے زیادہ ٹیرف رکھا گیا ہے، پانی کا تنازع پورے خطے میں ہے، پیپلز پارٹی کو سندھ میں اپنی سیاسی بقا خطرے میں لگ رہی ہے، وہ پیچھے نہیں ہٹے گی کیونکہ اسے اپنی جماعت کے اندرسے نقب لگی ہے۔  بیوروچیف لاہور محمد الیاس نے کہا کہ دنیا کی طرح پاکستان پر بھی اثر پڑے گا کیونکہ پاکستان اپنا زرمبادلہ ادھر سے کماتا ہے، امریکا سے بات کرناچاہیے کہ یہاں حالات پہلے ہی خراب ہیں جو مزید خراب ہوں گے، پاکستان کو اپنی صنعت بچانے کیلیے کچھ نہ کچھ کرنا پڑے گا، پانی کے مسئلے پر پیپلز پارٹی پر اندرون سندھ سے بڑا دباؤ ہے۔

اگر آپ اس خبر کے بارے میں مزید معلومات حاصل کرنا چاہتے ہیں تو نیچے دیے گئے لنک پر کلک کریں۔

مزید تفصیل