Loading
شاہراہ فیصل پر پولیس کی گاڑی کو ٹکر مار کر بھاگنے والے ڈمپر ڈرائیور نے گرفتاری دے دی۔ ایکسپریس نیوز کے مطابق گزشتہ روز شارع فیصل پر پیش آنے والے ایک خطرناک واقعے کی ویڈیو سوشل میڈیا پر وائرل ہونے کے بعد پولیس کے کریک ڈاؤن پر ڈرائیور نے ڈمپر سمیت خود کو پولیس کے حوالے کردیا۔ ٹریفک پولیس ترجمان کے مطابق شاہراہ فیصل پر پیش آنے والے واقعے کی اطلاع ملتے ہی موقع پر موجود ٹریفک پولیس اہلکاروں نے فوری کارروائی کرتے ہوئے صورتِ حال کو قابو میں کیا اور ممکنہ نقصان سے شہریوں کو محفوظ رکھا۔ ترجمان کے مطابق ٹریفک پولیس کے مؤثر کریک ڈاؤن کے نتیجے میں مذکورہ ڈرائیور نے ڈمپر سمیت خود کو قانون کے حوالے کر دیا، جس کے خلاف مقدمہ درج کر کے مزید قانونی کارروائی کی جارہی ہے۔ اعلامیے میں ٹریفک پولیس نے کراچی شہریوں سے گزارش کرتی ہے کہ وہ دورانِ ڈرائیونگ قوانین کی مکمل پاسداری کریں، تاکہ تمام شہری محفوظ رہیں۔ واضح رہے کہ پولیس نے ڈمپر ڈرائیور کی حوالگی کیلیے ایسوسی ایشن سے رابطہ کیا تھا جس پر ڈمپر ایسوسی ایشن کے عہدیداران نے ڈرائیور کی حوالگی کا وعدہ کیا اور پھر پیچھے ہٹ گئے تھے۔ ایسوسی ایشن کے پیچھے ہٹنے پر پولیس نے کریک ڈاؤن کیا اور درجنوں ڈمپروں کو چالان جبکہ دو درجن سے زائد کو ضبط کر کے ایک ڈرائیور کو گرفتار کرلیا تھا۔
اگر آپ اس خبر کے بارے میں مزید معلومات حاصل کرنا چاہتے ہیں تو نیچے دیے گئے لنک پر کلک کریں۔
مزید تفصیل