Loading
وزیراعظم شہباز شریف نے کہا ہے کہ پاکستان کی افرادی قوت ملک کا اصل اثاثہ ہے۔ ملک کے نوجوانوں کو عالمی سطح پر مطلوبہ پیشہ ورانہ ہنر سے آراستہ کرنا حکومت کی اولین ترجیحات میں شامل ہے، حکومت اس سلسلے میں نیوٹیک کو ہر قسم کی فنڈنگ فراہم کرے گی۔ نیوٹیک ناقص کارکردگی والے تربیتی اداروں کو بلیک لسٹ اور اچھی کارکردگی والے اداروں کی حوصلہ افزائی کرے تاکہ ملک کے نوجوان تربیت اور ہنر سیکھ کر قانونی طور پر ملک سے باہر جا کر خدمات فراہم کر سکیں۔ کہنے کی حد تک تو وزیر اعظم کی ہدایات مثبت اور نوجوانوں کے لیے نہایت حوصلہ افزا ہیں اور حکومت نے نواز شریف دور میں ملک سے باہر جانے کے خواہش مند نوجوانوں کی تربیت اور ہنرسازی کے لیے ایک ادارہ نیوٹیک بھی بنایا تھا جو نوجوانوں کو مختلف کاموں میں ہنر اور تربیت کے بعد ملک سے باہر جانے میں مدد فراہم کرتا تھا۔ مسلم لیگ (ن) کی حکومت کی کوشش تھی کہ ملک کے نوجوانوں کی تربیت کے ساتھ ملک سے باہر جانے سے ہی ملک و قوم کا فائدہ ہوگا اور ہنرمند نوجوانوں کا مستقبل محفوظ ہوگا۔ ملک میں بے روزگاری کے باعث نوجوانوں کی بہت بڑی تعداد اپنے اچھے مستقبل کے لیے ملک سے باہر جانے کی خواہش مند رہی ہے کیونکہ انھیں اپنے ملک میں اپنا مستقبل اچھا نظر نہیں آتا اور مایوس نوجوان ملک سے باہر جانے کو ترجیح دیتے رہے ہیں اور حکومتیں بھی ایسا چاہتی رہی ہیں کہ ملک سے باہر جا کر نوجوان نہ صرف اپنا مستقبل بنائیں گے اور باہر جا کر اپنے خاندانوں کی کفالت کے لیے زرمبادلہ بھی بھیجیں گے جو ملک کی ضرورت بھی ہے۔ 2013 میں مسلم لیگ (ن) کی حکومت نے اس سلسلے میں اقدامات بھی کیے تھے جبکہ اس سے قبل 2008 میں جب پیپلز پارٹی نے یوسف رضا گیلانی کو وزیر اعظم منتخب کرایا تھا۔ اس وقت بھی ملک سے باہر جانے کا رجحان تو تھا مگر اتنا نہیں تھا کہ جتنا اب ہو چکا ہے اور اپنے مستقبل سے مایوس نوجوان غیر قانونی طریقوں سے اپنی جانوں کو خطرات میں ڈال کر ملک سے باہر جا رہے ہیں۔ غیر قانونی طریقے سے ملک سے باہر جانے کا رجحان اس لیے بڑھا ہے کہ انھیں حکومت کی طرف سے قانونی طور پر ملک سے باہر جانے میں مدد نہیں ملتی، جس کی وجہ سے وہ غیر قانونی ذرائع سے باہر جانے کی کوشش کرتے ہیں اور ان کے غریب گھر والے اپنے بچوں کے اچھے مستقبل کی امید میں اپنی جائیدادیں، زیورات فروخت کرکے قرضے لے کر باہر بھیجنے کے لیے ٹریولنگ ایجنٹوں کو لاکھوں روپے ادا کرتے ہیں اور انسانی اسمگلنگ میں ملوث ٹریول ایجنٹ انھیں جھوٹے دلاسے دے کر غیر قانونی طور سمندری راستوں سے باہر بھجواتے ہیں جن میں بہت کم ہی کسی منزل پر پہنچنے میں کامیاب ہوتے ہیں اور زیادہ تر سمندر برد یا گرفتار ہو جاتے ہیں اور ان کا مستقبل تباہ ہو جاتا ہے۔ پیپلز پارٹی کے ایک سابق وزیر اعظم یوسف نے اپنے اقتدار میں ایک بیان دیا تھا جب ان سے پوچھا گیا تھا کہ ملک میں روزگار نہ ہونے سے نوجوان ملک سے باہر جانا چاہتے ہیں مگر انھیں حکومتی مدد نہیں ملتی تو وزیر اعظم نے جواب دیا تھا کہ ’’ جو باہر جانا چاہتے ہیں جائیں انھیں روکا کس نے ہے؟‘‘ ملک میں اس وقت بے روزگاری 22 فی صد تک پہنچ چکی ہے۔ حکومت کو ملک کے بے روزگاروں کی کوئی فکر نہیں ہے۔ اس سلسلے میں پیپلز پارٹی کے مقابلے میں مسلم لیگ (ن) کی حکومتوں میں ماضی میں کچھ اقدامات بھی ہوئے تھے اور نیوٹیک نے بہترین کارکردگی کا مظاہرہ کیا تھا اور نیوٹیک نے ملک بھر میں نوجوانوں کی تربیت اور ہنر سکھانے کے لیے بہت کام کیا تھا جس کا کریڈٹ نیوٹیک اور (ن) لیگ کو ضرور جاتا ہے مگر بعد میں 2018 میں پی ٹی آئی کی حکومت بنوائی گئی جنھیں مسلم لیگ (ن) سے سخت نفرت تھی اور انھیں (ن) لیگی حکومت میں عوام کی فلاح و بہبود کا کوئی اچھا کام بھی پسند نہیں تھا اس لیے انھیں نیو ٹیک اچھا لگا نہ اس کی کارکردگی اور انھوں نے نیوٹیک کو اہمیت کے قابل ہی نہیں سمجھا تھا جس کی وجہ سے نیوٹیک کے سربراہ نے استعفیٰ دے دیا تھا جس کے بعد نیوٹیک کوئی کارکردگی نہ دکھا سکا جس پر کئی سال بعد اب مسلم لیگ (ن) کے وزیر اعظم شہباز شریف نے نیوٹیک اور ملک کی افرادی قوت کی بہتری کے لیے پھر سے کوششیں شروع کی ہیں اور انھوں نے ملک کی افرادی قوت کو ملک کا اثاثہ قرار دیا ہے اور نیوٹیک کے سلسلے میں ہدایات بھی جاری کی ہیں تاکہ نیوٹیک ملک کے نوجوانوں کو تربیت اور ہنر کے ذریعے باہر جانے میں مددگار بن سکے۔ ماضی کے سابق حکمرانوں کو صرف اپنی اولادوں کی فکر تھی جس کی وجہ سے وہ اپنے علاقے کی سیاست پر حاوی رہے مگر ملک کے نوجوان بے روزگاری کا شکار ہیں جن کی اگر پیپلز پارٹی نے اپنی حکومت میں فکر کی ہوتی اور پی ٹی آئی حکومت نے بے روزگاروں کو باہر قانونی طور پر بھجوانے کے اقدامات کیے ہوتے تو ملک میں بے روزگاری انتہا پر نہ ہوتی۔ نیوٹیک بھی سیاست کی نذر ہوا جس کی غفلت و لاپرواہی سے سرکاری اداروں نے ملک کے نوجوانوں کی تربیت اور ہنر سکھانے پر وہ توجہ نہیں دی جس مقصد کے لیے نیوٹیک قائم ہوا تھا۔ ملک کے نوجوان جنھیں تربیت اور ہنر کی ضرورت تھی وہ انھیں نہ مل سکی اور ان پڑھ ہی نہیں بلکہ پڑھے لکھے نوجوان بھی ملک سے مایوس ہیں کیونکہ ملک میں ان کی کوئی قدر نہیں اور کہا گیا کہ جائیں انھیں روکا کس نے ہے؟ اگر حکومتی سطح پر نوجوانوں کی قدر ہوتی اور انھیں سرکاری سرپرستی میں باہر جانے کا موقعہ ملتا تو آج وہ بیرون ملک سمندروں میں ڈوب کر نہ مر رہے ہوتے۔
اگر آپ اس خبر کے بارے میں مزید معلومات حاصل کرنا چاہتے ہیں تو نیچے دیے گئے لنک پر کلک کریں۔
مزید تفصیل