Loading
سینئر صحافی نجم سیٹھی نے حالیہ کشیدگی پر بھارتی صحافی کے الزامات پر انہیں لاجواب کردیا اور کہا کہ پانی بند کرنے پر پاکستان واقعی ایٹمی ہتھیار استعمال کرسکتا ہے، بھارت کے پاس پہلگام حملے کے ثبوت ہیں تو عالمی برادری کے سامنے پیش کیے جائیں۔ یہ بات انہوں نے سینئر بھارتی صحافی کرن تھاپر کو انٹرویو دیتے ہوئے کہی۔ بھارتی صحافی نے نجم سیٹھی سے استفسار کیا کہ کیا پہلگام واقعہ فالس فلیگ آپریشن تھا یہ بھارت پر ایک الزام ہے آپ کیا سمجھتے ہیں؟ اس پر نجم سیٹھی نے کہا کہ پہلگام واقعہ فالس فلیگ ہی تھا بھارت کے چند طاقتور اور خفیہ عناصر اس میں ملوث ہیں، اس واقعے میں سیکیورٹی فورسز کی ناکامی اور خفیہ اداروں کی ناکامی سے متعلق سوالات کے جوابات ابھی تک سامنے نہیں آئے۔ نجم سیٹھی نے کہا کہ بھارتی میڈیا وزیرِ اعظم اور حکمران جماعت سے اس حوالے سے سخت سوالات نہیں کررہا، پہلگام واقعے کے بعد بھارتی الزامات پر پاکستان کا ردعمل بالکل بھی جذباتی نہیں نہ ہی ہماری جانب سے جنگی جنون نظر آتا ہے بلکہ اگر آپ اپنے لوگوں سے کہیں کہ وہ سوشل میڈیا پر میمز دیکھیں تو انہیں اندازہ ہوگا کہ پاکستانی عوام اس معاملے کو زیادہ سنجیدہ نہیں لے رہے تاہم حکومت سنجیدہ ہے، پاکستانی عوام بھارتی میڈیا کی جانب سے بغیر تحقیقات انگلیاں پاکستان کی طرف اٹھانے پر حیران ہیں ہمیں نہیں معلوم کہ بھارت کیا کرے گا، لیکن ہم جانتے ہیں کہ جو کچھ بھی بھارت کرے گا، اس کا ہمارے پاس جواب ضرور ہے۔ صحافی نے سوال کیا کہ پانی روکنے پر پاکستان نے ایٹمی ہتھیار استعمال کرنے کی دھمکی دی کیا واقعی ایسا ہے؟ اس پر نجم سیٹھی نے کہا کہ جی بالکل یہ سنجیدہ معاملہ ہے پورے پاکستانی نیوکلیئر پروگرام کا تصور اسی بنیاد پر قائم ہے جیسا کہ ایک سابق وزیرِاعظم نے کہا تھا کہ ہم نے یہ بم کسی تہوار پر چلانے کے لیے نہیں بنایا، اگر بھارتی فوج سرحد عبور کرکے آزاد کشمیر یا پاکستانی علاقے پر قبضہ کرلے تو پاکستان اپنی ہی سرزمین پر ایٹمی ہتھیار استعمال کرسکتا ہے۔ انہوں نے مزید کہا کہ اگر بھارت کراچی کی ناکہ بندی کرنے کی کوشش کرے کیوں کہ یہ پاکستان کا معاشی گلا گھٹنے کے مترادف ہے تو پاکستان جوہری ہتھیار استعمال کرے گا، اگر پانی کا رُخ موڑنے یا پاکستان کو قحط کا شکار بنانے کی کوشش کی گئی تو پاکستان جوہری ہتھیار استعمال کرے گا۔ سینئر صحافی نجم سیٹھی نے کہا کہ ہمارے عوام کو مسلح افواج پر زبردست اعتماد ہے، اگر کوئی کشیدگی ہوئی تو ہماری افواج اس کا بھرپور جواب دیں گی، پہلگام واقعے کے کوئی ثبوت موجود ہیں تو انہیں بھارتی میڈیا کے سامنے نہیں بلکہ پاکستان اور بین الاقوامی برادری کے سامنے پیش کیا جائے۔ نجم سیٹھی نے کہا کہ اس سارے معاملے میں پاکستانی حکومت نے بہت ذمہ دارانہ انداز میں ردعمل دیا اور بھارت سے کہا کہ امریکا اور دیگر ممالک اس معاملے میں شامل کرکے واقعے کی آزادانہ تحقیقات کی جائیں، میرے خیال میں یہ معاملہ اب صرف بھارت اور پاکستان کے درمیان نہیں رہا بلکہ اب یہ بھارت، پاکستان اور چین کے درمیان بھی ہے، چین نے پاکستان میں بڑی سرمایہ کاری کی ہے، چینی بیانات اور پاکستان کو دی گئی فوجی معاونت کی پیشکش اس بات کا ثبوت ہے کہ اگر بھارت اور پاکستان کے درمیان کشیدگی بڑھتی ہے تو چین کا ردعمل کیا ہوگا۔
اگر آپ اس خبر کے بارے میں مزید معلومات حاصل کرنا چاہتے ہیں تو نیچے دیے گئے لنک پر کلک کریں۔
مزید تفصیل