Loading
ایس پی ڈولفن ارسلان زاہد نے عیدالاضحیٰ کی تعطیلات کے دوران شہر بھر کی سیکیورٹی صورتحال کا جائزہ لینے کے لیے علی الصبح ناکہ گجومتہ کا دورہ کیا اور ڈولفن جوانوں سے ملاقات کی۔ انہوں نے مال روڈ، جیل روڈ، فیروزپور روڈ سمیت سول لائن سیکٹر اور مختلف ناکہ جات کا معائنہ کیا۔ ایس پی ارسلان زاہد نے ماڈل ٹاؤن، سول لائن، مزنگ سمیت تمام اہم سیکٹرز کی ٹیموں کی چیکنگ کی اور ایلیٹ اور مجاہد اسکواڈ کے سیکیورٹی پوائنٹس کا بھی دورہ کیا، تاکہ عوامی تحفظ اور جرائم کی روک تھام کو مؤثر بنایا جا سکے۔ ایس پی ڈولفن نے بتایا کہ خواتین اور بچوں کو ہراسانی سے بچانے کے لیے ڈولفن اسکواڈ کا فرینڈلی پٹرولنگ یونٹ (FPU) فیلڈ میں موجود ہے، جو چاند رات سے لے کر عید کے دنوں تک مختلف پارکس، تفریحی مقامات اور بازاروں میں گشت کر رہا ہے۔ FPU کا مقصد شہریوں بالخصوص خواتین و بچوں کو فوری مدد اور تحفظ فراہم کرنا ہے تاکہ وہ پُرامن ماحول میں عید کی خوشیاں منا سکیں۔ ایس پی ارسلان زاہد نے خبردار کیا کہ عید تعطیلات کے دوران ون ویلنگ، ہلڑبازی اور خواتین پر آوازیں کسنے جیسے اقدامات کے خلاف سخت کارروائی کی جائے گی۔ انہوں نے کہا کہ ڈولفن، پی آر یو، ایف پی یو سمیت تمام فورسز کو ہدایت دی گئی ہے کہ قانون کی خلاف ورزی پر فوری کارروائی کریں۔ شہر بھر کے داخلی و خارجی راستوں پر سائنٹیفک بنیادوں پر ناکہ بندی کا مؤثر نظام ترتیب دیا گیا ہے، جہاں اشتہاری مجرمان کی شناخت اور گرفتاری کے لیے جدید ٹیکنالوجی استعمال کی جا رہی ہے۔ اہم شاہراؤں پر ایلیٹ فورس کے اسپیشل کمانڈوز تعینات کیے گئے ہیں جبکہ ڈولفن، پی آر یو اور ایف پی یو ٹیمیں اپنے جامع سیکیورٹی پلان کے تحت شہر بھر میں متحرک پٹرولنگ کر رہی ہیں۔ ایس پی ارسلان زاہد نے شہریوں سے اپیل کی کہ مشکوک سرگرمیوں کی فوری اطلاع پولیس کو دیں تاکہ لاہور کو پرامن اور محفوظ رکھا جا سکے۔
اگر آپ اس خبر کے بارے میں مزید معلومات حاصل کرنا چاہتے ہیں تو نیچے دیے گئے لنک پر کلک کریں۔
مزید تفصیل