Loading
نیشنل ڈیزاسٹر مینجمنٹ اتھارٹی (این ڈی ایم اے) نے اگلے 3 سے 4 دنوں کے دوران ملک بھر کے مختلف علاقوں مون سون بارشوں اور ممکنہ سیلاب کے حوالے سے الرٹ جاری کردیا۔ این ڈی ایم اے کے الرٹ کے مطابق 29 جون سے 5 جولائی تک کشمیر، اسلام آباد، پوٹھوہار، شمالی و وسطی خیبر پختونخواہ میں موسلادھار بارشوں کا امکان ہے اور ممکنہ بارشوں کے نتیجے میں پشاور، چارسدہ، نوشہرہ اور کوہاٹ میں سیلاب کا خدشہ ہے۔ الرٹ میں بتایا گیا ہے کہ راولپنڈی، اسلام آباد، اٹک اور چکوال میں شدید بارش کا امکان ہے، جہلم، منڈی بہاالدین، گجرات، سیالکوٹ، گوجرانوالہ، نارووال اور لاہور میں موسلادھار بارش متوقع ہے۔ اسی طرح بارش کے باعث فیصل آباد اور سرگودھا ڈویژن کے نشیبی علاقوں میں سیلابی صورت حال کا امکان ہے۔ این ڈی ایم اے نے خبردار کیا کہ ہزارہ، مالاکنڈ، آزاد کشمیر اور پیر پنجال کے ندی نالوں میں طغیانی اور پہاڑی علاقوں میں لینڈ سلائیڈنگ کا خدشہ ہے اور دریائے کابل، دریائے سوات اور چترال اور ہنزہ کے منسلکہ ندی نالوں میں پانی کے بہاؤ میں اضافہ ہوسکتا ہے۔ الرٹ میں بتایا گیا کہ2 سے 5 جولائی کے دوران کراچی، حیدرآباد، ٹھٹھہ اور بدین میں شدید بارشوں کے باعث سیلاب کا خدشہ بڑھ گیا ہے اور شہریوں کو ہدایت کی گئی ہے کہ بارش اور تیز ہواؤں کے دوران کمزور تعمیرات، کچی دیواروں، بجلی کے کھمبوں اوربل بورڈز سے دور رہیں۔ این ڈی ایم اے نے بتایا کہ آندھی اور طوفان کے دوران حد نگاہ بھی کم ہو سکتی ہے جو حادثات کا باعث بنتی ہے لہٰذا محتاط رہیں۔ این ڈی ایم اے نے تمام متعلقہ اداروں کو ہدایات جاری کی ہیں کہ کسی بھی ممکنہ ہنگامی صورت حال سے نمٹنے کے لیے پیشگی اقدامات یقینی بنائے جائیں اور عوام سے گزارش کی ہے کہ موسم اور ممکنہ خطرات کے حوالے سے آگاہی کے لیے پاک این ڈی ایم اے ڈیزاسٹر الرٹ ایپ سے راہنمائی لیں۔
اگر آپ اس خبر کے بارے میں مزید معلومات حاصل کرنا چاہتے ہیں تو نیچے دیے گئے لنک پر کلک کریں۔
مزید تفصیل