Saturday, July 05, 2025
 

امریکی صدر ٹرمپ نے ٹیکس و اخراجات کے ’’بگ بیوٹی فل بل‘‘ پر دستخط کر دیے

 



امریکی صدر ٹرمپ نے ٹیکس و اخراجات سے متعلق ’’بگ بیوٹی فل بل‘‘ پر دستخط کر دیے، بگ بیوٹی فل بل کسی بھی ملک کی تاریخ کا بہترین قانون ہے جو معاشی ترقی کو آگے لے کر جاتا ہے۔ بگ بیوٹی فل بل پر دستخط کے موقع پر وائٹ ہاوس میں ایک تقریب کا انعقاد کیا گیا جس میں اعلیٰ حکومتی عہدیداروں، فوجی افسران اور ارکانِ کانگریس نے شرکت کی۔ امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے وائٹ ہاؤس میں تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ امریکا نے حالیہ دنوں میں اپنی طاقت اور صلاحیتوں کا بھرپور مظاہرہ کیا۔چند روز قبل امریکی فوج نے ایران میں ایک کامیاب آپریشن کیا، جس میں ایرانی تنصیبات کو مؤثر طریقے سے نشانہ بنایا گیا۔ انہوں نے بگ بیوٹی فل بل کی منظوری پر تمام امریکیوں کو مبارکباد دیتے ہوئے کہا، "یہ بل امریکی ترقی، دفاع اور معیشت کے استحکام کی جانب ایک بڑا قدم ہے۔" اپنی کامیابیوں کا تذکرہ کرتے ہوئے صدر ٹرمپ نے کہا کہ ان کے اقتدار میں آنے کے بعد امریکی اسٹاک مارکیٹ بلند ترین سطح پر پہنچی اور امریکی تاریخ میں سب سے زیادہ روزگار کے مواقع پیدا کیے گئے۔ انہوں نے زور دے کر کہا، "ہم نے امریکا کی طاقت بحال کی اور اب اسے مزید جدید بنا رہے ہیں۔" ٹرمپ نے افغانستان کی جنگ پر افسوس کا اظہار کرتے ہوئے کہا، "افغانستان جانا امریکا کا سیاہ ترین دن تھا۔ وہاں ہمارے اربوں ڈالر ضائع ہوئے۔" اپنی مسلح افواج کے بارے میں بات کرتے ہوئے صدر نے کہا، "میں امریکی بری، بحری اور فضائی فوج سے محبت کرتا ہوں۔ ان کے افسران اور جوانوں کو میرا سلام۔" انہوں نے نیٹو پر امریکی اخراجات کا ذکر کرتے ہوئے کہا کہ پہلے امریکا کا 2 فیصد بجٹ نیٹو پر خرچ ہوتا تھا جو اب 5 فیصد تک بڑھ چکا ہے۔ انہوں نے اسے امریکا کی عالمی قیادت کی بحالی کا مظہر قرار دیا۔ تقریب کے اختتام پر صدر ٹرمپ نے کہا، "سب کو میری طرف سے 4 جولائی کی خوشیاں مبارک ہوں۔ آج کا امریکا پہلے سے زیادہ محفوظ اور مضبوط ہے۔" واضح رہے کہ  امریکی سینیٹ کے بعد گزشتہ روز ایوان نمائندگان نے بھی صدر ڈونلڈ ٹرمپ کا ٹیکس اور اخراجات کا بل پاس کیا تھا۔ بل کے حق میں 218 اور مخالفت میں 214 ووٹ پڑے۔  

اگر آپ اس خبر کے بارے میں مزید معلومات حاصل کرنا چاہتے ہیں تو نیچے دیے گئے لنک پر کلک کریں۔

مزید تفصیل