Monday, July 07, 2025
 

ایران نے اسرائیل کی اہم 5 فوجی تنصیبات کو براہ راست نشانہ بنایا، ریڈار ڈیٹا میں انکشاف

 



ایران اور اسرائیل کے درمیان 12 روزہ جنگ کا ریڈار ڈیٹا سامنے آگیا ہے، جس میں انکشاف کیا گیا ہے کہ ایران نے اس جنگ میں اسرائیل کے 5 اہم فوجی مراکز کو نشانہ بنایا۔ خبرایجنسی انادولو کی رپورٹ کے مطابق برطانوی میڈیا میں سامنے آنے والے ریڈار ڈیٹا میں بتایا گیا ہے کہ امریکا کی اوریگون اسٹیٹ یونیورسٹی کے ماہرین ڈیٹا کا جائزہ لینے کے بعد انکشاف کیا ہے کہ تہران سے فائر کیے گئے 6 میزائلوں نے اسرائیل کے شمالی، جنوبی اور وسطی علاقوں میں قائم فوجی تنصیبات کو نشانہ بنایا۔ ڈیٹا میں دیکھایا گیا ہے کہ اسرائیل کی نشانہ بننے والی تنصیبات میں اہم ایئربیس، ایک انٹیلیجینس سینٹر اور لاجسٹکس بیس شامل ہے۔ رپورٹ میں بتایا گیا کہ اسرائیل کی حکومت نے ایران کے جوابی حملوں میں ہونے والے نقصانات کی معلومات فراہم نہیں کی ہیں اور فوجی تنصیبات کے حوالے سے کسی بھی قسم کی معلومات شائع کرنے پر سینسر کردیا ہے۔ برطانوی میڈیا کی رپورٹ کے حوالے سے بتایا گیا ہے کہ ایران کے 16 فیصد میزائل ایئرڈیفنس سسٹم کو توڑتے ہوئے اسرائیل پہنچے اور یہ اسرائیل کی فوج کے بتائے ہوئے 87 فیصد کامیابی کی شرح کے مطابق ہے۔ واضح رہے کہ 13 جون کو اسرائیل کے حملے سے شروع ہونے والی 12 روزہ اسرائیل-ایران جنگ میں اسرائیل نے ایران کی جوہری اور شہری تنصیبات کو نشانہ بنایا تھا، جس کے نتیجے میں 935 ایرانی شہید ہوئے۔ ایران کی وزارت صحت نے بتایا تھا کہ 935 افراد شہید اور 5 ہزار 332 شہری زخمی ہوگئے ہیں۔ اسرائیل کی ہیبرو یونیورسٹی کے اعداد و شمار کے مطابق ایران نے جواب میں اسرائیل پر میزائل اور ڈرون حملے کیے تھے، جس میں 29 اسرائیلی ہلاک ہوئے اور 3 ہزار 400 سے زائد زخمی ہوئے۔

اگر آپ اس خبر کے بارے میں مزید معلومات حاصل کرنا چاہتے ہیں تو نیچے دیے گئے لنک پر کلک کریں۔

مزید تفصیل