Monday, July 07, 2025
 

جون 2025 کے لیے پلیئر آف دی منتھ کی نامزدگیوں کا اعلان

 



آئی سی سی نے جون 2025 کے لیے پلیئر آف دی منتھ کی نامزدگیوں کا اعلان کردیا۔ جنوبی افریقہ کے ایڈن مارکرم اور کگیسو ربادا کے ساتھ سری لنکا کے پاتھم نسانکا بھی شارٹ لسٹ کھلاڑیوں میں شامل ہیں۔  تینوں کھلاڑیوں کو ٹیسٹ کرکٹ میں شاندار کارکردگی پر نامزد کیا گیا ہے۔ ایڈن مارکرم – جنوبی افریقا مارکرم نے آئی سی سی ورلڈ ٹیسٹ چیمپئن شپ فائنل میں آسٹریلیا کے خلاف جنوبی افریقہ کی تاریخی فتح میں کلیدی کردار ادا کیا۔ یہ جنوبی افریقہ کا گزشتہ 27 سال میں پہلا آئی سی سی ٹائٹل ہے۔ مارکرم نے نہ صرف بلے بازی میں بلکہ گیند بازی میں بھی اہم کردار نبھایا۔ انہوں نے اپنے آف اسپن سے اسٹیو اسمتھ کی قیمتی وکٹ حاصل کی اور بعد میں جوش ہیزل ووڈ کو بھی آؤٹ کیا۔ مارکرم کی دوسری اننگز میں 136 رنز کی شاندار اننگز نے میچ کا رخ بدل دیا، جب جنوبی افریقہ نے 282 رنز کے ہدف کا تعاقب کرتے ہوئے 5 وکٹوں سے تاریخی کامیابی حاصل کی۔  کگیسو ربادا – جنوبی افریقا ربادا نے اسی فائنل میچ میں اپنی رفتار اور تجربے کا بھرپور مظاہرہ کیا۔ مشکل وکٹ پر انہوں نے پہلی اننگز میں 5 وکٹیں حاصل کیں اور مجموعی طور پر میچ میں 9 شکار کیے۔ اس کارکردگی کے ساتھ وہ جنوبی افریقہ کی ٹیسٹ تاریخ کے چوتھے کامیاب ترین بولر بن گئے ہیں جن کی اب تک 336 وکٹیں ہو چکی ہیں۔ پاتھم نسانکا – سری لنکا نسانکا نے بنگلادیش کے خلاف ٹیسٹ سیریز میں شاندار کارکردگی کا مظاہرہ کرتے ہوئے آئی سی سی ورلڈ ٹیسٹ چیمپئن شپ کے نئے سائیکل کا شاندار آغاز کیا۔ گال میں کھیلے گئے پہلے ٹیسٹ میں بنگلادیش کے 495 رنز کے جواب میں نسانکا نے 187 رنز کی کیریئر کی بہترین اننگز کھیلی جس میں 24 چوکے اور ایک چھکا شامل تھا اور سری لنکا کو میچ بچانے میں مدد دی۔ دوسرے ٹیسٹ میں بھی انہوں نے اپنی فارم برقرار رکھی اور 158 رنز کی ایک اور شاندار سنچری اسکور کی جس میں 19 چوکے شامل تھے۔ آئی سی سی کی جانب سے پلیئر آف دی منتھ کا باقاعدہ اعلان ووٹنگ کے بعد کیا جائے گا، جس میں شائقین کی رائے بھی شامل ہوگی۔

اگر آپ اس خبر کے بارے میں مزید معلومات حاصل کرنا چاہتے ہیں تو نیچے دیے گئے لنک پر کلک کریں۔

مزید تفصیل