Monday, July 07, 2025
 

سیلاب کے خطرے کے پیش نظر وزیراعظم کی این ڈی ایم اے اور اداروں کو الرٹ رہنے کی ہدایت

 



وزیراعظم محمد شہباز شریف نے حالیہ بارشوں اور ممکنہ سیلابی صورتحال کے پیش نظر نیشنل ڈزاسٹر مینجمنٹ اتھارٹی (این ڈی ایم اے)، ریسکیو اداروں اور متعلقہ سول انتظامیہ کو ہائی الرٹ پر رہنے کی ہدایت کر دی ہے۔ ایکسپریس نیوز کے مطابق وزیراعظم شہباز شریف نے حالیہ بارشوں اور دریائے سندھ اور ملحقہ علاقوں میں سیلابی خطرے کی صورت حال کے پیش نظر خبردار کیا ہے کہ تربیلا ڈیم کے سپل وے کھلنے کے بعد دریائے سندھ کے زیریں اضلاع میں طغیانی کا خدشہ بڑھ گیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ متعلقہ ادارے فوری اور مؤثر حفاظتی اقدامات یقینی بنائیں اور این ڈی ایم اے اور پی ڈی ایم اے ہنگامی رابطے کرے۔ وزیراعظم نے این ڈی ایم اے کو ہدایت دی کہ وہ خود کو صوبائی ڈیزاسٹر مینجمنٹ اتھارٹیز صوبائی حکومتوں اور دیگر اداروں سے قریبی اور ہم آہنگ رکھے۔ اس کے علاوہ وزیراعظم نے پاکستان ٹیلی کمیونیکیشن اتھارٹی کو ہدایت کی کہ عوام کو ریئل ٹائم انفارمیشن فراہم کی جائے تاکہ وہ ممکنہ خطرات سے بروقت آگاہ ہوں۔ وزیراعظم نے نیشنل ایمرجنسی آپریشن سینٹر  کو میڈیا پر ایسے تمام علاقوں کی تفصیل جاری کرنے کی ہدایت کی ہے جہاں اونچے، درمیانے اور کم درجے کے سیلاب کا خطرہ ہے، تاکہ متاثرہ علاقوں کے مکین محفوظ مقامات پر منتقل ہو سکیں۔ وزیراعظم نے زور دیا کہ تمام صوبوں کی انتظامیہ عوامی آگاہی مہم بھرپور انداز میں جاری رکھے اور اپنی تیاری مکمل رکھے تاکہ کسی بھی ہنگامی صورتحال کا مؤثر اور بروقت جواب دیا جا سکے۔  

اگر آپ اس خبر کے بارے میں مزید معلومات حاصل کرنا چاہتے ہیں تو نیچے دیے گئے لنک پر کلک کریں۔

مزید تفصیل