Monday, July 14, 2025
 

پولیس کو حمیرا اصغر کی موت کا معمہ حل کرنے میں پریشانی کا سامنا

 



کراچی کے پوش علاقے ڈیفنس فیز 6 اتحاد کمرشل میں واقع فلیٹ سے ماڈل اور اداکارہ حمیرا اصغر کی پرانی لاش ملنے کے بعد پولیس نے واقعے کی تحقیقات کا آغاز کردیا ہے جب کہ واقعے کی 4 مختلف پہلوؤں سے تفتیش کی جا رہی ہے۔ ڈی آئی جی ساؤتھ اسد رضا نے ایکسپریس نیوز سے بات کرتے ہوئے بتایا کہ تحقیقات میں قتل، خودکشی، حادثہ یا فطری موت سمیت تمام ممکنہ پہلوؤں کو مدنظر رکھا جا رہا ہے۔ اُن کے مطابق حمیرا اصغر کی لاش کم و بیش 9 ماہ پرانی ہے اور حتمی طور پر موت کی وجہ میڈیکل رپورٹ کے بعد ہی واضح ہو سکے گی۔ پولیس حکام کے مطابق مقتولہ کے زیر استعمال موبائل فونز، لیپ ٹاپ اور ذاتی ڈائری سے اب تک کوئی اہم شواہد نہیں ملے۔ انہوں نے کہا کہ ’تاہم تحقیقات کا دائرہ وسیع کرتے ہوئے ایک فٹنس انسٹرکٹر سے رابطہ کیا گیا ہے اور ادویات کے حوالے سے بھی تفتیش جاری ہے کہ آیا حمیرا اصغر کی جانب سے فٹنس برقرار رکھنے کیلئے کسی قسم کی ادویات کا استعمال کیا جارہا تھا یا نہیں۔ ڈی آئی جی ساؤتھ کا مزید کہنا تھا کہ جس فلیٹ سے لاش ملی، وہاں دروازوں پر اندر سے کنڈی نہیں لگی ہوئی تھی، جو لاک موجود ہیں، وہ اندر اور باہر دونوں طرف سے لگائے جا سکتے ہیں، تاحال کوئی ایسا ثبوت نہیں ملا کہ دروازے باہر سے بند کیے گئے ہوں۔ ڈی آئی جی ساؤتھ کے مطابق ماڈل و اداکارہ حمیرا اصغر کے اہل خانہ کی جانب سے باقاعدہ درخواست موصول ہونے پر مقدمہ درج کیا جائے گا۔ ان کا مزید کہنا تھا کہ تاحال واقعہ بظاہر طبعی موت ہی دکھائی دے رہا ہے، تاہم ہر پہلو سے مکمل تفتیش کی جا رہی ہے۔ پولیس حکام کے مطابق فلیٹ کے چوکیدار نے کچھ ماہ قبل بالائی منزلوں سے تعفن پھیلنے کی اطلاع فلیٹ کے دیگر مکینوں کو دی تھی، تاہم کسی نے اس پر توجہ نہیں دی، اس بے حسی کے باعث واقعے کا وقت پر علم نہ ہو سکا۔ ڈی آئی جی ساؤتھ نے درخواست کی کہ ماڈل و اداکارہ حمیرا اصغر کے حوالے سے کوئی شخص پولیس کو معلومات فراہم کر سکتا ہے تو وہ متعلقہ تھانے سے رابطہ کرے۔ یاد رہے کہ اداکارہ حمیرا اصغر کی لاش 8 جولائی اس وقت ملی جب فلیٹ کے کرائے کی عدم ادائیگی پر مالک مکان کی جانب سے کیے گئے کیس کیلئے عدالتی بیلف ان کے گھر پہنچا۔  پہلے اداکارہ کی لاش ایک سے 2 ماہ پرانی بتائی جارہی تھی تاہم لاش کی پوسٹ مارٹم رپورٹ میں چونکا دینے والا انکشاف ہوا کہ حمیرا اصغر کی موت 8 سے 10 ماہ قبل ہوئی تھی اور ان کی لاش ڈی کپموز ہونے کے آخری مراحل میں تھی۔ 

اگر آپ اس خبر کے بارے میں مزید معلومات حاصل کرنا چاہتے ہیں تو نیچے دیے گئے لنک پر کلک کریں۔

مزید تفصیل