Loading
دنیا بھر میں "ٹرینڈ ٹورنیڈو" کے لقب سے معروف بھارتی میراتھون رنر فوجا سنگھ 114 برس کی عمر میں ایک المناک حادثے میں ہلاک ہوگئے۔ بھارتی میڈیا کے مطابق وہ پیر کی سہ پہر جالندھر کے نواحی علاقے بیاس میں اڈم پور بھگوپور روڈ عبور کر رہے تھے کہ ایک نامعلوم گاڑی نے ٹکر مار دی اور موقع سے فرار ہو گئی۔ حادثہ شام 3:30 بجے کے قریب پیش آیا۔ فوجدہ سنگھ کو فوری طور پر جالندھر کے ایک نجی اسپتال منتقل کیا گیا، تاہم وہ زخموں کی تاب نہ لاتے ہوئے اسی رات انتقال کر گئے۔ پولیس نے نامعلوم ڈرائیور کے خلاف مقدمہ درج کر لیا ہے تاہم تاحال کوئی گرفتاری عمل میں نہیں آئی۔ فوجا سنگھ یکم اپریل 1911 کو بیاس میں پیدا ہوئے، وہ چار بہن بھائیوں میں سب سے چھوٹے تھے۔ 1992 میں اپنی اہلیہ گیان کور کی وفات کے بعد وہ مشرقی لندن منتقل ہوگئے۔ 1994 میں بیٹے کلدیپ سنگھ کی موت نے انہیں گہرے صدمے میں مبتلا کیا جس سے باہر نکلنے کے لیے انہوں نے دوڑنا شروع کیا اور یہ فیصلہ ان کی زندگی کے سب سے ناقابلِ یقین سفر کا آغاز ثابت ہوا۔ 89 سال کی عمر میں فوجا سنگھ نے باقاعدہ ٹریننگ شروع کی اور کوچ ہرمندر سنگھ کی زیر نگرانی پیشہ ورانہ ریسز میں حصہ لینا شروع کیا۔ 2000 میں لندن میراتھن مکمل کر کے انہوں نے 90+ عمر کے زمرے میں عالمی ریکارڈ قائم کیا۔ ان کی دوڑ کا وقت 6 گھنٹے 54 منٹ رہا۔ 2003 میں انہوں نے ٹورنٹو واٹر فرنٹ میراتھن میں اپنی بہترین کارکردگی دکھائی، جہاں انہوں نے 5 گھنٹے 40 منٹ میں میراتھن مکمل کی۔ 2011 میں، جب وہ 100 سال کے ہو چکے تھے، انہوں نے لندن میں اپنی آخری مکمل میراتھن 7 گھنٹے 49 منٹ میں مکمل کی۔ فوجا سنگھ نے 2013 میں ہانگ کانگ میراتھن میں 10 کلومیٹر کی دوڑ مکمل کر کے دوڑنے سے باضابطہ ریٹائرمنٹ کا اعلان کیا۔ انہوں نے یہ ریس 1 گھنٹہ 32 منٹ میں مکمل کی، جو پچھلے سال سے 30 سیکنڈ کم تھی۔ انہیں 2012 کے لندن اولمپکس میں مشعل برداری کا اعزاز بھی حاصل ہوا۔ دنیا بھر میں انہیں عمر، جسمانی برداشت، حوصلے اور ثقافتی فخر کی علامت کے طور پر سراہا گیا۔ انہوں نے Adidas جیسے عالمی برانڈز کے ساتھ کام کیا اور ان پر بچوں کی کتابیں بھی لکھی گئیں۔ "ٹرینڈ ٹورنیڈو" کے نام سے معروف فوجا سنگھ نہ صرف اپنی ایتھلیٹک کامیابیوں کی وجہ سے یاد رکھے جائیں گے بلکہ اس لیے بھی کہ انہوں نے دنیا بھر میں بزرگوں کو یہ پیغام دیا کہ عمر صرف ایک عدد ہے اور جذبہ ہو تو کچھ بھی ممکن ہے۔
اگر آپ اس خبر کے بارے میں مزید معلومات حاصل کرنا چاہتے ہیں تو نیچے دیے گئے لنک پر کلک کریں۔
مزید تفصیل