Monday, August 04, 2025
 

بھارت اور انگلینڈ کے درمیان پانچواں ٹیسٹ دلچسپ مرحلے میں داخل

 



بھارت اور انگلینڈ کے درمیان اوول میں جاری پانچواں اور آخری ٹیسٹ دلچسپ مرحلے میں داخل ہوگیا۔ انگلینڈ اور بھارت دونوں ہی جیت کی دوڑ میں موجود ہیں جس کے باعث سیریز 2-2 سے برابر ہونے یا 3-1 پر ختم ہونے کے امکانات برقرار ہیں۔ پانچویں اور آخری دن انگلینڈ کو جیت کیلئے 35 رنز جبکہ بھارت کو چار وکٹیں درکار ہیں۔ میچ کے پانچویں روز بھی بارش کی پیشگوئی کی گئی ہے اور اب شائقین کی نظریں اس تاریخی سیریز کے آخری دن کے موسم پر جمی ہوئی ہیں۔ آخری دن موسم کے حوالے سے کچھ غیر یقینی ضرور ہے لیکن اس کے باوجود امید ہے کہ میچ کا نتیجہ نکل آئے گا۔ لندن کے موسم کی پیشگوئی کے مطابق پیر کے روز موسم زیادہ تر ابر آلود اور ہوا دار رہے گا، جبکہ دوپہر تقریباً 2 بجے کے قریب کچھ بارش متوقع ہے۔ اگر میچ کا آغاز مقامی وقت کے مطابق صبح 11 بجے (پاکستانی وقت کے مطابق دوپہر 3:30 بجے) ہو جاتا ہے اور پہلا سیشن بغیر رکاوٹ مکمل ہوتا ہے تو امکان ہے کہ نتیجہ دوپہر سے پہلے ہی سامنے آ جائے گا۔ بی بی سی ویدر کے مطابق دوپہر ایک بجے کے قریب بھی ہلکی بارش کا امکان موجود ہے تاہم یہ ممکنہ طور پر میچ کے نتیجے کو متاثر نہیں کرے گی۔ یاد رہے کہ اس ٹیسٹ کے دوران چار میں سے تین دن بارش ہو چکی ہے۔ چوتھے دن کے آخری سیشن کے آخری لمحات میں خراب روشنی کے باعث شام 5:30 بجے کے قریب میچ روک دیا گیا تھا، کھلاڑیوں کے میدان سے باہر آنے کے کچھ ہی دیر بعد تیز بارش شروع ہو گئی تھی جس کے باعث گراؤنڈ اسٹاف کو پچ کو کور کرنا پڑی۔ جیمی اسمتھ دو رن بنا کریز پر موجود تھے جب کہ جیمی اوورٹن نے اپنا کھاتہ نہیں کھولا تھا۔ کرس ووکس جنہوں نے چوٹ کی وجہ سے پہلی اننگز میں بیٹنگ نہیں کی تھی، تاہم انہیں ڈریسنگ روم میں ٹیسٹ ٹیم کی جرسی پہنے ہوئے دیکھا گیا جس سے اندازہ ہوتا ہے کہ ضرورت پڑنے پر وہ بیٹنگ کے لیے آ سکتے ہیں۔ محمد سراج اور پراسدھ کرشنا نے چائے کے وقفے کے بعد شاندار بولنگ کرکے بھارت کی امیدیں جگائیں۔ چائے کے وقفے تک انگلینڈ چار وکٹوں پر 317 رن بنا کر کافی مضبوط پوزیشن میں تھا لیکن کرشنا نے جیکب بیتھل اور جو روٹ کو آؤٹ کرکے جوش بڑھا دیا۔ جو روٹ نے 105 رن بنائے اور دن کے پہلے دو سیشنز میں ہیری بروک کا شاندار ساتھ نبھایا۔ بروک نے 98 گیندوں پر 111 رن کی جارحانہ اننگز کھیلی اور روٹ کے ساتھ 195 رن کی شراکت داری کرکے انگلینڈ کو میچ میں برتری دلائی۔ اوول ٹیسٹ ایسے مرحلے پر ہے جہاں دونوں ٹیمیں فتح کی امیدیں لگائے بیٹھی ہیں جیت کسی بھی ہوسکتی ہے۔

اگر آپ اس خبر کے بارے میں مزید معلومات حاصل کرنا چاہتے ہیں تو نیچے دیے گئے لنک پر کلک کریں۔

مزید تفصیل