Loading
پاکستان میں تعینات ایران کے سفیر رضا امیری مقدم نے ایکس (سابقہ ٹوئٹر) پر جاری بیان میں پاکستانی حکومت، عوام اور قیادت کا ایرانی صدر کے دورۂ پاکستان کے دوران شان دار میزبانی پر تہ دل سے شکریہ ادا کیا ہے۔ اپنے بیان میں ایرانی سفیر نے وزیرِاعظم محمد شہباز شریف کا بطورِ خاص شکریہ ادا کرتے ہوئے کہا کہ اُن کا کردار اس اہم دورے کو یادگار اور تاریخی بنانے میں غیر معمولی رہا۔ انہوں نے صدرِ پاکستان آصف علی زرداری کا بھی شکریہ ادا کیا جنہوں نے ایوانِ صدر میں ایرانی وفد کی میزبانی کی۔ رضا امیری مقدم نے چیف آف آرمی اسٹاف فیلڈ مارشل سید عاصم منیر کی موجودگی اور تعاون کو بھی سراہا، جو اس اعلیٰ سطح کے دورے کی کامیابی کے لیے نہایت اہم تھا۔ انہوں نے نائب وزیرِاعظم و وزیرِ خارجہ اسحاق ڈار اور دفتر خارجہ کی ٹیم کی پیشہ ورانہ مہارت اور مسلسل محنت پر بھی شکریہ ادا کیا، جنہوں نے اس دورے کو اعلیٰ ترین سطح پر منظم کیا۔ ایرانی سفیر نے قائد مسلم لیگ (ن) نواز شریف اور وزیرِاعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف کا لاہور میں ایرانی وفد کے لیے شاندار میزبانی پر خصوصی شکریہ ادا کیا۔ انہوں نے وفاقی وزرا ریاض حسین پیرزادہ، خواجہ محمد آصف، جام کمال خان، عبدالعلیم خان، محمد رضا حیات ہراج اور عطا اللہ تارڑ کی خدمات کو سراہا، جنہوں نے اپنے اپنے شعبوں میں دوطرفہ تعلقات کو مضبوط بنانے کے لیے مخلصانہ کوششیں کیں اور 12 اہم مفاہمتی یادداشتوں کو حتمی شکل دی۔ بیان میں مزید کہا گیا ہے کہ پاکستان اور ایران کے درمیان گہرے تاریخی، ثقافتی اور اسٹریٹجک تعلقات ہیں اور دونوں ممالک نے تجارت، انفرا اسٹرکچر اور ثقافت سمیت مختلف شعبہ جات میں متعدد معاہدے کیے ہیں۔ ایرانی سفیر نے کہا کہ یہ دورہ دو طرفہ تعلقات کے ایک نئے باب کی شروعات ہے، جس میں دونوں ممالک نے مختلف شعبوں میں تعاون کو مزید وسعت دینے کے عزم کا اعادہ کیا ہے۔ آخر میں انہوں نے ایران پاکستان دوستی زندہ باد، پائندہ باد کا نعرہ بھی لکھا۔
اگر آپ اس خبر کے بارے میں مزید معلومات حاصل کرنا چاہتے ہیں تو نیچے دیے گئے لنک پر کلک کریں۔
مزید تفصیل