Friday, August 29, 2025
 

ایشیا کپ: اے سی سی، امارات بورڈ کے انتباہ کے باوجود جعلی ٹکٹس کی فروخت جاری

 



بھارت کے پاکستان سے میچ کے بائیکاٹ کی باتیں بھی ایشیا کپ میں دلچسپی کم نہ کر سکیں۔ انتباہ کے باوجود جعلی ٹکٹس کی فروخت جاری ہے۔ تفصیلات کے مطابق ایشیاکپ کا آغاز نو ستمبر سے یو اے ای میں ہو گا۔ پاکستان سے حالیہ کشیدگی کے باوجود بھارتی بورڈ نے ٹورنامنٹ کے انعقاد کا فیصلہ کیا جس پر اسے اپنے ملک میں شدید تنقید کا سامنا ہے۔ سیاستدان، عام افراد اور کئی سابق کرکٹرز پاکستان سے میچ کے بائیکاٹ کا مطالبہ کررہے ہیں، اس کے باوجود کرکٹ شائقین کی ایونٹ میں دلچسپی کم نہیں ہو سکی۔ 14 ستمبر کو دبئی میں شیڈول پاک بھارت میچ کے ٹکٹس چند منٹ میں ہی بکنے کی توقع ظاہر کردی گئی۔ ٹکٹس کی فروخت ہفتے سے شروع ہونے کا امکان ہے، البتہ جعلی ٹکٹس بکنے کا سلسلہ نہ رک سکا، اے سی سی اور ایمرٹس کرکٹ بورڈ کا الرٹ بھی کسی کام نہ آیا۔ میڈیا رپورٹ کے مطابق روایتی حریفوں کے درمیان میچ کا ٹکٹ بلیک مارکیٹ میں 15.75 لاکھ بھارتی روپے میں فروخت کیا جا رہا ہے۔ کئی ویب سائٹس پر ٹکٹس پہلے ہی فروخت کے لیے موجود ہیں۔ پاکستان اور بھارت سپر فور مرحلے میں 21 ستمبر کو ایک بار پھر مدمقابل ہو سکتے ہیں۔ اگر دونوں ٹیمیں فائنل میں پہنچیں تو 28 ستمبر کو تیسرا مقابلہ بھی متوقع ہے۔ بھارت بمقابلہ یو اے ای اور بھارت و عمان کے میچ ٹکٹس بھی مشکوک سائٹس پر فروخت کے لیے دستیاب ہیں۔ پاکستان کے میچ کے ٹکٹس بھی وہاں موجود ہیں۔ ایک خلیجی اخبار کے مطابق ٹکٹس کی فروخت دو دن میں شروع ہونے والی ہے۔ پاک بھارت مقابلے کے لیے ٹکٹس کی طلب عروج پر پہنچنے کی توقع ہے، روایتی طور پر چند گھنٹوں میں ہی تمام ٹکٹس بک جاتے ہیں۔ دیگر میچز میں بھی یو اے ای میں مقیم غیر ملکیوں کو بھرپور دلچسپی ہے۔ چیمپئنز ٹرافی کے دوران فروری، مارچ میں ٹکٹس کے لیے چند منٹ میں ہزاروں افراد آن لائن باری کے منتظر تھے، اب بھی یہی توقع ہے۔

اگر آپ اس خبر کے بارے میں مزید معلومات حاصل کرنا چاہتے ہیں تو نیچے دیے گئے لنک پر کلک کریں۔

مزید تفصیل