Monday, September 15, 2025
 

کراچی میں دو روز کی گرمی کے بعد موسم یکسر تبدیل، مطلع ابرآلود، بارش کا بھی امکان

 



شہر قائد میں دو روز تیز دھوپ نکلنے کے بعد پیر کی صبح موسم یکسر تبدیل ہوگیا، مطلع ابر آلود ہونے سے بعض علاقوں میں ہلکی بارش اور پھوار ہوئی۔ تفصیلات کے مطابق شہر کے مختلف علاقوں میں مطلع زیادہ تر ابرآلود ہے جبکہ کلفٹن، ایم جناح روڈ اور شارع فیصل پر ہلکی بارش اور پھوار سے موسم خوشگوار ہوگیا، بارش سمندر کی نچلی سطح کے بادلوں کے سبب ہوئی۔ محکمہ موسمیات کی ارلی وارننگ سینٹر پیش گوئی کے مطابق کراچی میں 3 روز کے دوران مطلع جزوی ابرآلود رہنے کی توقع ہے جبکہ کہیں کہیں ہلکی بارش اور بوندا باندی ہو سکتی ہے، سمندر کی جنوب مغربی سمت کی ہوائیں متواتر بحال رہنے کا امکان ہے۔ صوبے کے بیشتر علاقوں میں موسم گرم اور مرطوب رہنے کا امکان ہے تاہم سندھ کے ساحلی مقامات میں ہلکی بارش اور بوندا باندی ہو سکتی ہے۔ پاکستان پر ایک نیا مون سون سلسلہ 16 سے 19 ستمبر کے دوران اثر انداز ہو رہا ہے، سسٹم کے زیر اثر سندھ کے ساحلی علاقوں میں موسم ابرآلود رہ سکتا ہے۔ کراچی میِں سسٹم کے نتیجے میں فی الوقت تیز بارش کا کوئی امکان نہیں ہے۔ دوسری جانب، ویدر اَپ ڈیٹس کی پیشگوئی کے مطابق اگلے 12 سے 24 گھنٹوں کے دوران بحیرۂ عرب سے آنے والی نم ہواؤں اور نچلی ہواؤں کی سطح پر کنورجنس زون کے زیرِ اثر کراچی کے مختلف علاقوں میں بوندا باندی اور ہلکی بارش ہوسکتی ہے۔ ویدر اپ ڈیٹس کے مطابق کراچی کے کچھ محدود علاقوں میں کل صبح 7 بجے سے دوپہر 3 بجے کے درمیان معتدل بارش بھی ہو سکتی ہے۔

اگر آپ اس خبر کے بارے میں مزید معلومات حاصل کرنا چاہتے ہیں تو نیچے دیے گئے لنک پر کلک کریں۔

مزید تفصیل