Monday, September 15, 2025
 

ڈسٹرکٹ سینٹرل میں سروائیکل کینسر سے بچاؤ کی خصوصی مہم

 



ڈسٹرکٹ ہیلتھ افسر ڈاکٹر سعد جمال کی زیرِ نگرانی سروائیکل کینسر سے بچاؤ کی خصوصی مہم کا افتتاح نجی اسکول کی گلبرگ برانچ میں منعقدہ تقریب سے کیا گیا۔ افتتاح چیئرمین سینیٹ کمیٹی برائے فوڈ سیکیورٹی اینڈ ریسرچ سینیٹر سید مسرور احسن نے کیا۔ اپنے خطاب میں انہوں نے کہا کہ قوم کی 9 سے 14 سال کی بچیوں کو سروائیکل کینسر سے بچاؤ کی ویکسین لازمی لگوائیں تاکہ آنے والی نسلیں اس موذی مرض سے محفوظ رہ سکیں۔ شرکاء تقریب میں ڈپٹی کمشنر ڈسٹرکٹ سینٹرل طہٰ سلیم، ڈسٹرکٹ سینٹرل ویمن ونگ اینڈ فوکل پرسن بی آئی ایس پی ثوبیہ عامر، روٹری انٹرنیشنل سے ملیحہ خان، ڈاکٹر اکرم سلطان،  افتخار عالم، ڈپٹی ڈسٹرکٹ ہیلتھ آفیسر سینٹرل ڈاکٹر عروہ انعام اور دیگر موجود تھے۔ ڈسٹرکٹ ہیلتھ افسر ڈاکٹر سعد جمال نے مہمانِ خصوصی سینیٹر سید مسرور احسن و دیگر مہمانان کو یادگاری شیلڈ پیش کی، جبکہ اسکول کی بچیوں کو خصوصی تحائف بھی دیے گئے۔ محکمہ صحت سندھ اور ڈسٹرکٹ ہیلتھ آفیسر ڈسٹرکٹ سینٹرل نے والدین سے اپیل کی ہے کہ وہ یہ ویکسین بچیوں کو ضرور لگوائیں، ویکسینیشن مہم 15 تا 27 ستمبر 2025 ڈسٹرکٹ سینٹرل کے تمام سرکاری و نجی اسکولوں کے ساتھ ساتھ منتخب ویکسینیشن سینٹرز میں جاری رہے گی، والدین قریبی اسکول یا مقررہ سینٹرز پر جا کر اپنی بچیوں کو مفت ویکسین لگوا سکتے ہیں۔

اگر آپ اس خبر کے بارے میں مزید معلومات حاصل کرنا چاہتے ہیں تو نیچے دیے گئے لنک پر کلک کریں۔

مزید تفصیل