Wednesday, October 15, 2025
 

پنجاب بھر میں ہوٹلوں، باربی کیو مقامات کے خلاف سخت کارروائی کا حکم

 



پنجاب بھر میں محکمہ ماحولیات کی جانب سے ہوٹلوں اور باربی کیو مقامات کے خلاف سخت کارروائی کا حکم دے دیا گیا ہے۔ ڈی جی ماحولیات عمران حامد شیخ نے ہوٹلوں اور باربی کیو مقامات کے حوالے سے بڑا ایکشن لیتے ہوئے کوئلہ، لکڑی یا چارکول استعمال کرنے والے تمام ریسٹورنٹس پر پابندیاں عائد کردی ہیں۔ عمران حامد شیخ نے تمام ہوٹل اور باربی کیو اسٹیشنز کو 15 دن کے اندر سَکشن ہُوڈز لگانے کا حکم دیا ہے۔ انہوں نے کھلی جگہوں پر دھواں، چکنائی اور بدبو پھیلانے والے ریسٹورنٹس کے خلاف سخت کارروائی کا عندیہ دیتے ہوئے ہدایت کی ہے کہ حکم عدولی کرنے والے ہوٹل مالکان کے خلاف ماحولیاتی قوانین کے تحت فوری جرمانے اور مقدمات درج کیے جائیں۔ ڈی جی ماحولیات پنجاب نے کہا کہ فضائی آلودگی برداشت نہیں کی جائے گی، دھواں اور اسموگ پھیلانے والے ہوٹل مالکان تیار رہیں، صوبہ بھر میں کریک ڈاؤن شروع ہوگیا ہے، ماحولیاتی تحفظ ایجنسی کی ٹیمیں فیلڈ میں سرگرم ہیں، چیکنگ اور سیلنگ کے احکامات جاری کردیے گئے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ تمام ڈپٹی کمشنرز کو فوری عمل درآمد یقینی بنانے کی ہدایت کردی ہے، پنجاب فوڈ اتھارٹی اور ای پی اے کا مشترکہ ایکشن پلان کے تحت کھلے پکوان والے ہوٹلوں کی سخت نگرانی کی جا رہی ہے۔ ڈی جی عمران حامد شیخ نے کہا کہ 15 دن میں سَکشن سسٹم نہ لگانے والوں کے خلاف سخت کارروائی ہوگی اور حکومت پنجاب کا واضح پیغام ہے کہ دھواں چھوڑنے والے ریسٹورنٹس کی کوئی گنجائش نہیں ہے۔

اگر آپ اس خبر کے بارے میں مزید معلومات حاصل کرنا چاہتے ہیں تو نیچے دیے گئے لنک پر کلک کریں۔

مزید تفصیل