Wednesday, October 15, 2025
 

لاہور میں پاکستان کے سب سے بڑے ویسٹ واٹر ٹریٹمنٹ پلانٹ منصوبے کی منظوری

 



ایگزیکٹیو کمیٹی نیشنل اکنامک کونسل (ایکنک) بابوصابو میں پاکستان کے سب سے بڑے ویسٹ واٹر ٹریٹمنٹ پلانٹ  کے منصوبے کی منظوری دے دی۔ ترجمان واسا نے بتایا کہ بابو صابو ویسٹ واٹر ٹریٹمنٹ پلانٹ کے قیام کی باضابطہ منظوری ایکنک نے دے دی ہے، یہ منصوبہ یومیہ 88 ملین گیلن گندے پانی کی ٹریٹمنٹ کی صلاحیت کا حامل ہوگا۔ انہوں نے بتایا کہ بابو صابو ویسٹ واٹر ٹریٹمنٹ پلانٹ پاکستان کا سب سے بڑا ویسٹ واٹر ٹریٹمنٹ پلانٹ ہوگا، منصوبے کو فرینچ ڈیولپمنٹ ایجنسی اے ایف ڈی کے تعاون سے  مکمل کیا جائے گا۔ ترجمان واسا نے بتایا کہ یہ منصوبہ ایکٹیویٹڈ سلج ٹریٹمنٹ پر مبنی جدید ترین ٹیکنالوجی کے تحت مکمل کیا جائے گا، بابو صابو کے مقام پر یہ پلانٹ تقریباً 52 ارب روپے کی لاگت سے تعمیر کیا جائے گا۔ انہوں نے کہا کہ پہلے مرحلے میں کینٹ ڈرین، ملتان روڈ اور گلشن راوی کے علاقوں کا سیوریج پانی صاف کیا جائے گا، اس منصوبے کی تکمیل کے ساتھ ہی لاہور شہر کی ماحولیاتی پائیداری میں نمایاں بہتری آئے گی۔ ترجمان واسا نے کہا کہ منصوبے کے لیے زمین حاصل کی جا چکی تھی، جو اس وقت لاہور کے اسٹریٹیجک ماحولیاتی تحفظ کے منصوبے کے طور پر دیکھی جا رہی ہے۔ واسا لاہور نے اس منصوبے کو ماحولیاتی تحفظ، صاف پانی کے استعمال اور دریائے راوی کی بحالی کی جانب ایک تاریخی پیش رفت قرار دیا ہے۔ ایم ڈی واسا لاہور غفران احمد کے مطابق یہ منصوبہ دریائے راوی کے تحفظ اور زیر زمین پانی کے معیار کو بہتر بنانے کے لیے سنگ میل ثابت ہوگا۔

اگر آپ اس خبر کے بارے میں مزید معلومات حاصل کرنا چاہتے ہیں تو نیچے دیے گئے لنک پر کلک کریں۔

مزید تفصیل