Tuesday, October 28, 2025
 

پی ٹی آئی کا آزاد کشمیر میں عدم اعتماد اور نئے وزیراعظم کے انتخابی عمل سے لاتعلقی کا اعلان

 



پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) نے آزاد کشمیر میں اپوزیشن اتحاد کی جانب سے وزیراعظم کے خلاف عدم اعتماد کی تحریک لانے اور نئے وزیراعظم کے انتخابی عمل سے لاتعلقی کا اعلان کردیا۔ ایکسپریس نیوز کے مطابق اسلام آباد میں قائم خیبرپختونخوا ہاؤس میں پی ٹی آئی کی اعلیٰ قیادت کا اجلاس ہوا جس میں وزیراعظم آزاد کشمیر اور قیادت شریک تھی۔ اجلاس میں پی ٹی آئی نے عدم اعتماد اور نئے وزیراعظم کے انتخاب کے عمل سے لاتعلقی کا فیصلہ کیا اور عوامی نمائندگی کو ایوان میں جاری رکھنے سمیت نئی حکومت کو ٹف ٹائم دینے کا فیصلہ کیا۔ اجلاس کے بعد میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے پی ٹی آئی سیکرٹری جنرل سلمان اکرم راجہ نے کہا کہ اس وقت آزاد کشمیر میں سیاسی کھیل کھیلا جا رہا ہے جبکہ وہاں اس وقت عوام کے حقیقی نمائندے موجود ہیں، آج آپ کے سامنے کشمیر کی سیاسی قیادت موجود ہے۔ انہوں نے کہا کہ اس سے پہلے بھی کشمیر میں مصنوعی نظام کو قائم کرنے کی کوشش کی، پہلے بھی ہمارے 29  ایم این ایز کو توڑا گیا، ہمارے اراکین کو پہلے بھی آزاد قرار دے دیا گیا۔ سلمان اکرم راجہ نے کہا کہ پی ٹی آئی کو بطور جماعت کشمیر میں رجسٹرڈ نہ کیا گیا، اس نظام کے پیچھے چہرے وہی ہیں، جو طاقتور ہیں اور ہر چیز کے پیچھے ہوتے ہیں، کشمیر میں عوام ایک جانب اور ریاست دوسری جانب کھڑی نظر آ رہی ہے، ریاست اور عوام کے درمیان جھوٹ کی خلیج قائم کر دی گئی ہے، آزاد جموں و کشمیر میں حق اور فریب کی جنگ جاری ہے۔ رہنما پی ٹی آئی نے کہا کہ عوام کی عدالت میں کھڑے رہیں گے، نمائندگی کا حق ادا کرتے رہیں گے، یہ سیاسی تبدیلی نہیں بلکہ ایک کھیل کھیلا جارہا ہے، مسلم لیگ نون اور دیگر جماعتیں اقتدار کے کھیل میں مصروف ہیں، اُن کا کہنا تھا کہ پی ٹی آئی  عوام کے درمیان موجود اور دھوکا دینے والوں سے دور رہے گی جبکہ آزاد کشمیر اسمبلی میں ارکان حق کی آواز بلند کرتے رہیں گے۔  سلمان اکرم راجہ نے کہا کہ حقیقت یہ ہے کہ عوام کے دلوں میں آج بھی عمران خان بستے ہیں، عمران خان اور پی ٹی آئی کے سپاہی عوام کی جدوجہد کا حصہ ہیں، ایک چہرہ ہٹا کر دوسرا بٹھا دینا کوئی سیاسی کامیابی نہیں ہے۔ خواجہ فاروق احمد نے کہا کہ ہمارا حکومت پاکستان کے ساتھ تو اختلاف ہو سکتا ہے لیکن ہم اور ہمارا دل ریاست پاکستان کیلیے دھڑکتا ہے، آنے والے الیکشن میں پی ٹی آئی وہ کارکردگی دکھائے گی جو دو ہزار اکیس میں دکھائی تھی۔ انہوں نے کہا کہ پوری پارٹی بانی چیئرمین کے ساتھ کھڑی ہے، بطور اپوزیشن لیڈر کہتا ہوں کہ یہ اسمبلی اپنی وقعت کھو چکی ہے، فوری طور پر غیر جانبدار الیکشن کمیشن تشکیل دے کر عام انتخابات کروائے جائیں گے، یہ وہاں اپنی مرضی کا سکندر سلطان راجہ لگوا کر انتخابات میں دھاندلی کروانا چاہتے ہیں۔ سابق وزیراعظم آزاد کشمیر قیوم نیازی نے کہا کہ آزاد کشمیر میں ایک ہابریڈ نظام قائم کیا گیا ہے، عوام نے بھرپور احتجاج کیا اور اپنے مطالبات منوائے، پی ٹی آئی آزاد کشمیر میں ہابریڈ نظام کے خاتمے میں پیش پیش رہی ہے۔ اُن کا کہنا تھا کہ وزیراعظم انور الحق کی ناکامی کی صورتحال میں دوبارا گھسا پٹا نظام لانے کی کوشش ہو رہی ہے، ہم اس سارے عمل سے لاتعلق رہیں گے، آزاد کشمیر میں فوری طور پر آزاد الیکشن کمیشن قائم ہونا چاہیے۔    

اگر آپ اس خبر کے بارے میں مزید معلومات حاصل کرنا چاہتے ہیں تو نیچے دیے گئے لنک پر کلک کریں۔

مزید تفصیل