Loading
بالی ووڈ کی باصلاحیت اداکارہ شیفالی شاہ نے اپنی ذاتی زندگی کے ایک نہایت حساس باب پر کھل کر بات کی ہے۔ انہوں نے انکشاف کیا کہ اپنی پہلی شادی سے باہر نکلنے کا فیصلہ انہوں نے اس وقت کیا جب انہیں محسوس ہوا کہ یہ رشتہ ان کی ذہنی اور جذباتی صحت کے لیے تباہ کن ثابت ہوسکتا ہے۔
شیفالی شاہ حال ہی میں نیٹ فلکس سیریز دہلی کرائم سیزن 3 میں نظر آئی تھیں۔ شیفالی کی پہلی شادی اداکار ہرش چھایا سے ہوئی تھی، تاہم سماجی دباؤ اور روایتی توقعات کے باوجود انہوں نے خوشی اور خودی کو ترجیح دیتے ہوئے اس رشتے کو ختم کرنے کا مشکل فیصلہ کیا۔
بعد ازاں سال 2000 میں انہوں نے پروڈیوسر وِپُل شاہ سے سادگی سے شادی کی، جن سے ان کے دو بیٹے ہیں۔
زوم کے یوٹیوب چینل پر نشر ہونے والی اسپاٹ لائٹ سیشنز میں گفتگو کرتے ہوئے شیفالی شاہ نے بتایا کہ انہیں اپنی اصل قدر کا احساس اس وقت ہوا جب زندگی ایک نازک موڑ پر آ کھڑی ہوئی تھی۔ ان کے مطابق انہیں کبھی کسی نے یہ نہیں بتایا تھا کہ ایک عورت اپنے آپ میں مکمل ہوسکتی ہے اور اسے اپنی پہچان یا اہمیت کے لیے کسی رشتے کا سہارا ضروری نہیں۔
شیفالی نے کہا کہ اگر زندگی میں اچھے رشتے ہوں تو یہ ایک خوبصورت بات ہے، لیکن اگر ایسا نہ ہو تو اس سے کسی انسان کی قدر کم نہیں ہو جاتی۔ انہوں نے ان دنوں کو یاد کرتے ہوئے بتایا کہ ایک لمحہ ایسا بھی آیا جب انہیں شدت سے احساس ہوا کہ وہ مزید اس صورتحال میں نہیں رہ سکتیں کیونکہ یہ انہیں اندر سے توڑ رہی تھی۔
اداکارہ نے اپنی پہلی شادی کا حوالہ دیتے ہوئے بتایا کہ ایک قریبی دوست نے ان سے سوال کیا تھا کہ اگر دوبارہ کبھی محبت نہ ملی تو کیا وہ تنہا رہنے کا خطرہ مول لیں گی یا اسی رشتے میں رہیں گی۔ اس پر شیفالی کا جواب تھا کہ وہ پھر بھی تنہا رہنے کو ترجیح دیں گی، کیونکہ وہ ایسی زندگی نہیں گزار سکتیں جہاں نہ خوشی ہو، نہ اعتماد اور نہ ہی قدر۔
انہوں نے کہا کہ اسی سوچ نے انہیں پہلی بار والدین کے گھر سے نکل کر اکیلے رہنے کا حوصلہ دیا۔ عمر کے ساتھ انسان دوسروں کو خوش کرنے کی دوڑ سے تھک جاتا ہے اور ایک وقت ایسا آتا ہے جب یہ شعور ملتا ہے کہ ہر کسی کو خوش رکھنا ممکن نہیں۔ اسی احساس کو بیان کرتے ہوئے شیفالی شاہ نے کہا، ’’میں پیزا نہیں ہوں کہ سب کو خوش کر سکوں۔‘‘
شیفالی شاہ کو موجودہ دور کی مضبوط ترین اداکاراؤں میں شمار کیا جاتا ہے، جنہوں نے او ٹی ٹی پلیٹ فارمز پر اپنی شاندار اداکاری کے ذریعے ایک نئی نسل کے مداح بھی بنا لیے ہیں۔ ان کا یہ بے باک اعتراف سوشل میڈیا پر خاصا سراہا جا رہا ہے اور کئی خواتین کے لیے حوصلے کا باعث بن رہا ہے۔
اگر آپ اس خبر کے بارے میں مزید معلومات حاصل کرنا چاہتے ہیں تو نیچے دیے گئے لنک پر کلک کریں۔
مزید تفصیل