Friday, January 09, 2026
 

ٹک ٹاکر رجب بٹ کے وکیل اور کراچی کے وکلا کے درمیان مذاکرات کامیاب

 



مشہور ٹک ٹاکر رجب بٹ کے وکیل بیرسٹر میاں علی اشفاق اور کراچی کے  وکلا کے درمیان مذکرات کامیاب ہوگئے اور فریقین نے ایک دوسرے کے خلاف مقدمات اور درخواستیں واپس لینے کا فیصلہ کرلیا۔  کراچی سٹی کورٹ میں بار ایسوسی ایشن کے دفتر میں مشترکہ پریس کانفرنس کرتے ہوئے رجب بٹ کے وکیل بیرسٹر میاں علی اشفاق نے کہا کہ ہماری آپس میں ساری معاملات پر تفصیلی گفتگو ہوئی اور درج مقدمات کے محرکات کا جائزہ لیا گیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ جس واقعے کی وجہ سے جو حالات پیدا ہوئے اس پر نظر ڈالی گئی، تمام مسائل خوش اسلوبی سے حل کرنے کا فیصلہ کیا گیا ہے، چاہے وہ مسئلہ ایڈووکیٹ ریاض سولنگی کے حوالے سے ہو یا میرے مؤکل کے حوالے سے ہے۔ رجب بٹ کے وکیل نے بتایا کہ ہم نے ایک دوسرے پر کوئی شرائط لاگو نہیں کی ہیں، اس معاملے کو کامیابی سے طے کرلیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ تقریباً 10 سال سے سندھ بھر میں وکالت کرچکا ہوں، عامر وڑائچ نے اس مسئلے کے حل میں بہت اہم کردار ادا کیا ہے۔ صدر کراچی بار ایسوسی ایشن عامر نواز وڑائچ نے کہا کہ اس واقعے سے کراچی بار کی ساکھ متاثر ہوئی، کراچی بار میں ہر قوم، مذہب اور فرقے کی عزت کی جاتی ہے، وکلا مذہبی معاملے پر وکالت کریں خود پارٹی نہ بنیں۔ انہوں نے کہا کہ قانون کی بالادستی پر کراچی بار یقین رکھتی ہے اس لیے اسے ہدف بنایا گیا، اس واقعے کے ذریعے عوام میں کراچی بار کے وکلا کی ساکھ متاثر کرنے کی کوشش کی گئی لیکن آج دونوں فریقین کو فری ہینڈ دیا گیا، ہماری طرف سے کوئی دباؤ نہیں تھا اور ہم تشدد کو کبھی سپورٹ نہیں کریں گے۔ ان کا کہنا تھا کہ آپ کا کوئی مسئلہ ہے تو بار میں آئیں، وکلا سے گزارش ہے جو سائل کورٹ آئے اس سےعزت دیں۔ یاد رہے کہ 29 دسمبر 2025 کو ملزم رجب بٹ اور دو وکلا ریاض سولنگی اور فتح ایڈووکیٹ کے درمیان تلخ کلامی ہوئی اور پھر بات ہاتھا پائی تک پہنچ گئی تھی، جس پر وکیل صفائی بیرسٹر میاں علی اشفاق نے وکلا کے خلاف سٹی کورٹ تھانے میں مقدمہ درج کروایا تھا اور سندھ بار کونسل میں درخواست دی تھی، جس پر وکلا نے احتجاج کرتے ہوئے ہڑتال کی تھی۔

اگر آپ اس خبر کے بارے میں مزید معلومات حاصل کرنا چاہتے ہیں تو نیچے دیے گئے لنک پر کلک کریں۔

مزید تفصیل