Friday, January 09, 2026
 

ساہیوال، پولیس سے جھڑپ میں 35 مقدمات کا ریکارڈ یافتہ خطرناک ڈاکو ہلاک، دو ساتھی فرار

 



ساہیوال کے نواحی علاقے کٹور والا کے قریب سی سی ڈی پولیس اور اشتہاری مجرموں کے درمیان ایک سنسنی خیز مبینہ مقابلہ پیش آیا، جس میں 35 ڈکیتی اور راہزنی کے مقدمات میں مطلوب خطرناک ڈاکو علی حیات لاہوری ہلاک ہو گیا جبکہ اس کے دو ساتھی اندھیرے کا فائدہ اٹھاتے ہوئے فرار ہونے میں کامیاب ہو گئے۔ پولیس کے مطابق سی سی ڈی کی ٹیم اشتہاری مجرموں کی گرفتاری کے لیے کارروائی پر روانہ تھی کہ اس دوران ڈاکوؤں نے سڑک پر لکڑیاں پھینک کر راستہ بند کر رکھا تھا۔ ملزمان نے سرکاری گاڑی کو پرائیویٹ سمجھ کر رکنے کا اشارہ کیا، تاہم پولیس کو دیکھتے ہی انہوں نے اندھا دھند فائرنگ شروع کر دی۔ فائرنگ کے جواب میں سی سی ڈی پولیس نے بھی جوابی کارروائی کی، جس کے نتیجے میں دونوں جانب سے شدید فائرنگ کا تبادلہ ہوا۔ مقابلہ کچھ دیر جاری رہنے کے بعد ایک ڈاکو شدید زخمی حالت میں زمین پر گر پڑا، جو بعد ازاں دم توڑ گیا۔ ہلاک ڈاکو کی شناخت علی حیات لاہوری کے نام سے ہوئی، جس کی لاش کو قانونی کارروائی کے لیے قریبی ہسپتال منتقل کر دیا گیا ہے۔ پولیس کے مطابق فرار ہونے والے دونوں ملزمان کی گرفتاری کے لیے علاقے میں ناکہ بندی کر کے سرچ آپریشن جاری ہے۔

اگر آپ اس خبر کے بارے میں مزید معلومات حاصل کرنا چاہتے ہیں تو نیچے دیے گئے لنک پر کلک کریں۔

مزید تفصیل