Monday, January 26, 2026
 

بنوں میں پولیس کی بروقت کارروائی، تباہی کا ایک اور بڑا منصوبہ ناکام

 



بنوں میں پولیس نے بروقت کارروائی کرتے ہوئے تباہی کا ایک اور بڑا منصوبہ ناکام بنا دیا۔ پولیس کے مطابق تھانہ بسیہ خیل کی حدود میں ایک سلنڈر میں نصب 5 کلو وزنی بارودی مواد برآمد کیا گیا، جسے بم ڈسپوزل سکواڈ نے موقع پر پہنچ کر کامیابی سے ناکارہ بنا دیا۔ حکام کا کہنا ہے کہ برآمد ہونے والا بارودی مواد بڑے پیمانے پر تباہی پھیلانے کے لیے نصب کیا گیا تھا تاہم بروقت کارروائی کے باعث دہشت گردی کا منصوبہ ناکام بنا دیا گیا ہے۔ واضح رہے کہ گزشتہ روز بھی بنوں کے تھانہ ڈومیل کی حدود میں عیدگاہ روڈ پر پولیس نے بروقت کارروائی کرتے ہوئے ایک بڑے ممکنہ سانحے کو ناکام بنایا تھا۔ پولیس کو اطلاع ملی تھی کہ عیدگاہ کی دیوار کے ساتھ ایک مشکوک شے پڑی ہوئی ہے، جس پر فوری طور پر بم ڈسپوزل اسکواڈ کو طلب کیا گیا۔ تلاشی کے دوران تقریباً 3 کلو گرام وزنی ریموٹ کنٹرول دیسی ساختہ بم برآمد ہوا، جسے بم ڈسپوزل اسکواڈ نے پیشہ ورانہ مہارت کا مظاہرہ کرتے ہوئے کامیابی سے ناکارہ بنا دیا۔   بعد ازاں پولیس نے علاقے کو گھیرے میں لے کر سرچ آپریشن بھی کیا۔ اس موقع پر ڈی پی او بنوں یاسر آفریدی نے کہا کہ شہریوں کی جان و مال کا تحفظ پولیس کی اولین ترجیح ہے ۔ شرپسند عناصر کے خلاف کارروائیاں بلاتعطل جاری رہیں گی۔ دوسری جانب گزشتہ شب بنوں میں دہشت گردوں کی جانب سے پولیس وین پر کیے گئے حملے کو بھی ناکام بنا دیا گیا۔ پولیس کے مطابق تھانہ ڈومیل کی حدود میں پولیس موبائل وین معمول کے گشت پر تھی کہ کمپنی روڈ کے قریب گھات لگائے دہشتگردوں نے اندھا دھند فائرنگ شروع کر دی۔ پولیس کی بروقت کارروائی کے باعث حملہ ناکام بنا دیا گیا اور فائرنگ کے تبادلے کے دوران 2 خوارج کو ہلاک کردیا گیا۔ پولیس کے مطابق دہشتگردوں کے ساتھ تقریباً 20 منٹ تک شدید فائرنگ کا تبادلہ جاری رہا۔ اطلاع ملتے ہی متعلقہ اداروں کی نفری جائے وقوع پر پہنچی جب کہ علاقے میں سرچ آپریشن کے دوران 2 دہشتگردوں کی لاشیں برآمد کرلی گئیں،  جن کے قبضے سے اسلحہ بھی برآمد ہوا ہے۔ علاقے میں کلیئرنگ آپریشن جاری ہے۔

اگر آپ اس خبر کے بارے میں مزید معلومات حاصل کرنا چاہتے ہیں تو نیچے دیے گئے لنک پر کلک کریں۔

مزید تفصیل