Tuesday, January 27, 2026
 

خاندانی جھگڑا؛ بھارتی اداکارہ اور شوہر پر چاقو سے حملہ

 



بھارتی شہر بنگلور میں معروف اداکارہ کے شوہر سوما شیکھر پر چاقو سے حملہ کیا گیا جس میں وہ شدید زخمی ہوگئے۔ عالمی خبر رساں ادارے کے مطابق ساؤتھ انڈین ٹی وی کی ابھرتی ہوئی اداکارہ کاویا گوڈا کے شوہر سوما شیکھر پر ان کے بھائی نے چاقو سے حملہ کیا۔ یہ جھگڑا دو بھائیوں اور ان کی بیویوں کے درمیان پیش آیا۔ سوما شیکھر اور ان کے بھائی ناندیش ایک ہی مکان میں اپنے والدین کے ساتھ رہائش پذیر ہیں۔ پہلے دونوں بھائیوں کی بیویوں میں جھگڑا ہوا جس پر دونوں بھائی بھی آپس میں لڑ پڑے اور بات ہاتھا پائی سے قاتلانہ حملے تک پہنچی۔ اداکارہ کے شوہر سوما شیکھر نے پولیس کو بتایا کہ ان کے بھائی اور بھابھی نے ان پر چاقو سے حملہ کیا اور میری بیوی اداکارہ کاویا گوڈا پر بھی تشدد کیا گیا۔ دوسری جانب اداکارہ کے دیور ناندیش اور ان کی اہلیہ پریملاتھا نے جوابی شکایت میں دعویٰ کیا کہ ان پر بھی حملہ کیا گیا اور منگل سوتر زبردستی چھین لیا گیا۔ پولیس نے دونوں فریقین کی جانب سے دائر کرائی جانے والی شکایات کی بنیاد پر آٹھ افراد کے خلاف مقدمہ درج کر لیا تاہم کوئی گرفتاری عمل میں نہیں لائی گئی۔ پولیس کا کہنا ہے کہ دونوں بھائیوں اور ان کی بیویوں نے ایک دوسرے پر جسمانی تشدد اور بدکلامی کے الزامات لگائے ہیں۔ تفتیش جاری ہے۔ یاد رہے کہ کاویا گوڈا جنوبی بھارت کی معروف ٹی وی اداکارہ رہ چکی ہیں اور انہوں نے ’رادھا رمن‘ اور ’گندھاری‘ جیسے مقبول ڈراموں میں اداکاری کی ہے۔ تاہم انھوں نے شادی کے بعد شوبز سے کنارہ کشی اختیار کرلی تھی اور اپنے سسرال میں روایتی زندگی بسر کر رہی ہیں۔    

اگر آپ اس خبر کے بارے میں مزید معلومات حاصل کرنا چاہتے ہیں تو نیچے دیے گئے لنک پر کلک کریں۔

مزید تفصیل