Loading
سوشل میڈیا پر شہرت حاصل نہ کر پانے کے صدمے میں ایک نوجوان یوٹیوبر نے اپنا ہی قائم کردہ اسٹوڈیو آگ لگا کر تباہ کردیا۔
یہ افسوس ناک واقعہ بھارت کی ریاست جھارکھنڈ میں پیش آیا۔ اس واقعے میں تقریباً دس لاکھ روپے مالیت کا سامان جل کر خاکستر ہو گیا۔
بھارتی میڈیا رپورٹس کے مطابق ضلع گڑھوا سے تعلق رکھنے والے 27 سالہ یوٹیوبر پرجاپتی نے اپنے گھر کے اندر جدید سہولیات سے آراستہ اسٹوڈیو بنا رکھا تھا۔
بتایا جاتا ہے کہ اس نے یہ اسٹوڈیو قائم کرنے کےلیے اپنی آبائی زمین فروخت کی تھی اور امید تھی کہ وہ یوٹیوب پر جلد مقبولیت حاصل کرلے گا۔
تاہم کئی ماہ گزرنے کے باوجود خاطر خواہ فالوورز نہ ملنے پر وہ شدید ذہنی دباؤ اور ڈپریشن کا شکار ہوگیا۔ پڑوسیوں کے مطابق وہ گزشتہ ایک ہفتے سے خاصا الگ تھلگ رہنے لگا تھا اور کسی سے زیادہ بات چیت نہیں کرتا تھا۔
یوٹیوبر کے پڑوسی پرکاش کمار نے بتایا کہ ہفتے کی رات تقریباً دس بجے پرجاپتی نے خود کو اسٹوڈیو کے اندر بند کرلیا اور پھر اسے آگ لگا دی۔ اہلِ خانہ کی چیخ و پکار سن کر پڑوسی فوری طور پر جمع ہو گئے اور پولیس کو اطلاع دی گئی۔ ریسکیو کارروائی کے دوران پولیس نے گھر کی ایک دیوار گرا کر اندر موجود افراد کو بحفاظت باہر نکالا۔
رپورٹس کے مطابق اسٹوڈیو میں موجود قیمتی کیمرے، لائٹس اور دیگر آلات مکمل طور پر جل گئے۔ مالی مشکلات سے دوچار خاندان نے مقامی انتظامیہ سے مدد کی اپیل کی ہے، جبکہ یوٹیوبر کو طبی امداد کے لیے اسپتال منتقل کردیا گیا ہے جہاں اس کا علاج جاری ہے۔
اگر آپ اس خبر کے بارے میں مزید معلومات حاصل کرنا چاہتے ہیں تو نیچے دیے گئے لنک پر کلک کریں۔
مزید تفصیل