Tuesday, February 17, 2026
 

نوجوانوں کو نوکری کے بجائے اپنا کام کرنا ہوگا، بانی سیلانی ویلفیئر انٹرنیشنل ٹرسٹ

 



سیلانی ویلفیئر انٹرنیشنل ٹرسٹ کے بانی چیئرمین مولانا بشیر فاروقی قادری کے ساتھ آباد ہاؤس میں اجلاس ہوا۔ اجلاس میں چیئرمین آباد محمد حسن بخشی نے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ رمضان المبارک سے قبل ہر صاحب حیثیت فرد کو فلاحی کاموں میں حصہ ڈالنا چاہیے، کراچی اور ملک کے معاشی حالات سب کے سامنے ہیں، آباد اور سیلانی کا رشتہ مزید مضبوط ہو رہا ہے اور آباد فلاحی سرگرمیوں میں اپنا کردار ادا کرتا رہے گا۔ ایف سی ایریا میں 236 ایکڑ زمین کچی آبادی کی نذر ہو چکی ہے، چاہتے ہیں کہ سیلانی، آباد اور پاکستان سافٹ ویئر ایسوسی ایشن مشترکہ کاوشوں سے اس زمین پر آئی ٹی پارک قائم کریں جس سے نوجوانوں کے لیے روزگار کے مواقع پیدا ہوں گے، بھارت میں بین الاقوامی کمپنیاں 17،17 ارب ڈالر کی سرمایہ کاری کر رہی ہیں، پاکستان میں بھی سرمایہ کاری کے لیے پالیسیاں بنانا ہوں گی، پاکستان کا 135 ارب ڈالر کا قرض اتارا جا سکتا ہے۔ مولانا بشیر فاروقی قادری نے اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ پاکستان کے بگڑتے حالات سب کے سامنے ہیں اور ایسے حالات میں سب کی ذمہ داری ہے کہ اپنے حصے کا کام کریں، رمضان میں لوگ اللہ کی مخلوق کے لیے زکوٰۃ دیتے ہیں۔ سیلانی پاکستان کے علاوہ سات ملکوں میں خدمات انجام دے رہا ہے، برطانیہ، امریکا، سیریا اور غزہ سمیت دیگر ممالک میں کام جاری ہے، لوگ بھارت میں سرمایہ کاری کر سکتے ہیں تو اپنے ملک میں بھی کر سکتے ہیں، سیلانی نے 16 ارب 20 کروڑ روپے کی لاگت سے فلاحی خدمات انجام دی ہیں۔ آئی ایم ایف چاہتا ہے کہ پاکستان کبھی معاشی ترقی نہ کر سکے، سیلانی کا ہدف ہے کہ پاکستان میں کوئی بچہ بے تعلیم نہ رہے، بے روزگاری کا خاتمہ ہو اور کوئی شہری بے علاج نہ رہے، آئی ٹی کی 4 ارب ڈالر سالانہ برآمدات میں ایک ارب ڈالر یعنی 280 ارب روپے سیلانی کی کاوشوں سے آتا ہے، بے روزگاری کی وجہ سے امن و امان کی صورتحال خراب ہوتی ہے، نوجوانوں کو نوکری کے بجائے اپنا کام کرنا ہوگا۔ آئی ٹی شعبے سے کئی نوجوان ماہانہ ڈیڑھ سے دو لاکھ روپے کما رہے ہیں، پاکستان میں شیر خوار بچوں کی اموات کی شرح تشویشناک ہے، کراچی میں جدید ترین 12 منزلہ چائلڈ اسپتال کی تعمیر کا عندیہ دے دیا گیا ہے جو چار سال میں مکمل ہوگا، ایک منزل پر 30 کروڑ روپے لاگت آئے گی، آباد سے اپیل ہے کہ اس منصوبے میں تعاون کیا جائے۔

اگر آپ اس خبر کے بارے میں مزید معلومات حاصل کرنا چاہتے ہیں تو نیچے دیے گئے لنک پر کلک کریں۔

مزید تفصیل