Thursday, February 19, 2026
 

کراچی کے مختلف علاقوں میں پولیس مقابلے، 2 زخمیوں سمیت 4 ڈاکو گرفتار

 



شہر قائد میں جرائم پیشہ عناصر کے خلاف کارروائیوں کے دوران شہر کے مختلف علاقوں میں مبینہ پولیس مقابلے ہوئے جن میں دو زخمیوں سمیت 4 ڈاکوؤں کو گرفتار کر لیا گیا، جبکہ ایک ملزم فرار ہونے میں کامیاب ہوگیا۔ پولیس کے مطابق جیل چورنگی کے قریب فیروز آباد پولیس اور شاہین فورس کے جوانوں کا ملزمان سے آمنا سامنا ہوا۔ فائرنگ کے تبادلے کے بعد زخمی حالت میں گرفتار ملزم کی شناخت شاہ رخ کے نام سے ہوئی جسے طبی امداد کے لیے اسپتال منتقل کردیا گیا، جبکہ اس کے دو ساتھی ولید اور علی اکبر کو حراست میں لے کر تھانے منتقل کر دیا گیا۔ پولیس کا کہنا ہے کہ گرفتار ملزمان کا ایک ساتھی ساجد موقع سے فرار ہونے میں کامیاب ہوگیا جس کی تلاش جاری ہے۔ گرفتار ملزمان کے قبضے سے دو پستولیں، موبائل فونز، نقدی اور بغیر نمبر پلیٹ 125 موٹر سائیکل برآمد کی گئی ہے۔ پولیس کے مطابق ملزمان اسٹریٹ کرائم کی متعدد وارداتوں میں ملوث ہیں اور ان سے مزید تفتیش جاری ہے۔ دوسری جانب کورنگی نمبر 4 جلال گراؤنڈ کے قریب زمان ٹاؤن پولیس کا بھی مبینہ مقابلہ ہوا جس میں ایک ڈاکو زخمی حالت میں گرفتار کیا گیا۔ ریسکیو ذرائع کے مطابق زخمی ملزم کو جناح اسپتال منتقل کیا گیا، جہاں اس کی شناخت 19 سالہ عرفان کے نام سے کی گئی۔

اگر آپ اس خبر کے بارے میں مزید معلومات حاصل کرنا چاہتے ہیں تو نیچے دیے گئے لنک پر کلک کریں۔

مزید تفصیل