Wednesday, March 04, 2026
 

کراچی میں مختلف مقامات پر پولیس مقابلے، 4 ڈاکو زخمی حالت میں گرفتار

 



شہر کے مختلف علاقوں میں مبینہ پولیس مقابلوں کے دوران چار ڈاکوؤں کو زخمی حالت میں گرفتار کر لیا گیا، جبکہ اسلحہ، موبائل فونز اور موٹرسائیکلیں برآمد کر لی گئیں۔ پولیس اور چھیپا حکام کے مطابق کراچی کے علاقے نارتھ ناظم آباد بلاک ایچ میں حیدری مارکیٹ پولیس اور ملزمان کے درمیان فائرنگ کا تبادلہ ہوا، جس کے نتیجے میں ایک ملزم زخمی حالت میں گرفتار کر لیا گیا۔ گرفتار ملزم کی شناخت فیضان کے نام سے ہوئی ہے، جسے طبی امداد کیلئے عباسی شہید اسپتال منتقل کر دیا گیا۔ پولیس کے مطابق ملزم کے قبضے سے اسلحہ، موبائل فون اور موٹرسائیکل برآمد کی گئی۔ اسی طرح شاہ لطیف پولیس نے لانڈھی ظفر ٹاؤن کے قریب مبینہ مقابلے کے بعد دو ڈاکوؤں کو زخمی حالت میں گرفتار کیا۔ زخمی ملزمان کو فوری طور پر جناح پوسٹ گریجویٹ میڈیکل سینٹر منتقل کیا گیا، جہاں ان کی شناخت عباس اور نیاز کے ناموں سے کی گئی۔ پولیس حکام کے مطابق گرفتار ملزمان سے دو پستولیں، چار موبائل فونز، نقد رقم اور موٹرسائیکل برآمد کی گئی ہے۔ دوسری جانب رکن پور میں بھی پولیس اور ڈاکوؤں کے درمیان فائرنگ کا تبادلہ ہوا، جس کے نتیجے میں ایک ڈاکو زخمی حالت میں گرفتار کر لیا گیا۔ ترجمان پولیس کے مطابق ملزم کے خلاف مقدمہ درج کر کے مزید تفتیش شروع کر دی گئی ہے۔

اگر آپ اس خبر کے بارے میں مزید معلومات حاصل کرنا چاہتے ہیں تو نیچے دیے گئے لنک پر کلک کریں۔

مزید تفصیل