Friday, March 20, 2026
 

سندھ میں مختلف سرکاری محکموں کی 60 فیصد سرکاری گاڑیاں گراؤنڈ کر دی گئیں

 



سندھ کابینہ کی ذیلی کمیٹی برائے کفایت شعاری کے اہم فیصلے کے تحت مختلف سرکاری محکموں کی 60 فیصد سرکاری گاڑیاں گراؤنڈ کر دی گئی. تفصیلات کے مطابق سینیئر صوبائی وزیر شرجیل انعام میمن کا کہنا تھا کہ مجموعی طور پر 47 سے زائد محکموں میں موجود 2837 گاڑیوں میں سے 1524 گاڑیاں گراؤنڈ کی گئی ہیں۔ گراؤنڈ کی جانے والی گاڑیوں میں صحت، خزانہ، اسکول ایجوکیشن، انرجی اور اینٹی کرپشن جیسے محکمے بھی شامل ہیں۔ بعض محکموں میں یہ شرح 65 فیصد سے بھی تجاوز کر گئی ہے، انٹر پروونشل کوآرڈینیشن ڈیپارٹمنٹ میں تمام گاڑیاں گراؤنڈ کر دی گئی ہیں۔  شرجیل میمن کا کہنا تھا کہ فیصلہ بڑھتے ہوئے ایندھن اخراجات کے پیش نظر کیا گیا ہے تاکہ حکومتی اخراجات میں نمایاں کمی لائی جا سکے۔ اس اقدام کا مقصد توانائی کی کھپت میں کمی لانا، سرکاری اخراجات کو کم کرنا اور وسائل کا مؤثر استعمال یقینی بنانا ہے۔  شرجیل انعام میمن نے کہا کہ صوبائی حکومت ملکی مفاد میں کفایت شعاری پالیسی پر سختی سے عملدرآمد کر رہی ہے۔ کفایت شعاری کے اقدامات سے نہ صرف اخراجات کم ہوں گے بلکہ سرکاری وسائل کا بہتر استعمال بھی ممکن ہوگا۔ حکومتی اقدام سے ایندھن کی مد میں کروڑوں روپے کی بچت ہوگی، تمام محکموں کو پالیسی پر مکمل عملدرآمد کی ہدایت کی گئی ہے۔ ضرورت کے مطابق اہم اور ہنگامی نوعیت کی گاڑیاں بدستور استعمال میں رہیں گی۔

اگر آپ اس خبر کے بارے میں مزید معلومات حاصل کرنا چاہتے ہیں تو نیچے دیے گئے لنک پر کلک کریں۔

مزید تفصیل