Loading
تھائی لینڈ کا ایک خام تیل بردار ٹینکر ایران اور عمان کے ساتھ سفارتی رابطوں کے بعد بحفاظت آبنائے ہرمز عبور کر گیا جسے خطے میں جاری کشیدگی کے باوجود ایک اہم پیش رفت قرار دیا جا رہا ہے۔
عالمی خبر رساں ادارے کے مطابق تھائی لینڈ کے وزیر خارجہ سہاسک فوانگکیتکاؤ نے بتایا کہ انھوں نے ایران اور عمان سے درخواست کی تھی کہ تھائی جہازوں کی محفوظ گزرگاہ کو یقینی بنایا جائے۔
ان کا مزید کہنا تھا کہ ایران اور عمان کے متعلقہ حکام نے مثبت جواب دیتے ہوئے یقین دہانی کرائی کہ وہ اس سلسلے میں مکمل تعاون کریں گے اور ان سے ان جہازوں کی تفصیلات فراہم کرنے کو کہا گیا جو آبنائے سے گزرنے والے ہیں۔
اس پیش رفت سے قبل تھائی توانائی کمپنی بینگچاک کارپوریشن نے تصدیق کی تھی کہ اس کا ایک آئل ٹینکر جو 11 مارچ سے خلیج فارس میں لنگر انداز تھا، بحفاظت آبنائے ہرمز عبور کر چکا ہے۔
کمپنی کی جانب سے جاری بیان میں کہا گیا ہے کہ جہاز اب بحرِ ہند کے راستے تھائی لینڈ جا رہا ہے اور توقع ہے کہ اپریل کے اوائل میں خام تیل کی ترسیل مکمل کر دے گا۔
دوسری جانب ایران کی جانب سے یہ عندیہ دیا گیا ہے کہ غیر دشمن ممالک کے جہازوں کو آبنائے ہرمز سے محفوظ گزرنے کی اجازت دی جا سکتی ہے۔
واضح رہے کہ امریکا اور اسرائیل کی جانب سے جاری فوجی کارروائیوں کے بعد گزشتہ تین ہفتوں سے یہ اہم عالمی تجارتی گزرگاہ عملاً آئل ٹینکرز کے لیے بند رہی ہے۔
اگر آپ اس خبر کے بارے میں مزید معلومات حاصل کرنا چاہتے ہیں تو نیچے دیے گئے لنک پر کلک کریں۔
مزید تفصیل