Sunday, March 29, 2026
 

مراکش کشتی حادثہ: ریڈ بک میں شامل بدنام زمانہ انسانی اسمگلر گرفتار

 



ایف آئی اے گوجرانوالہ زون نے بڑی کارروائی کرتے ہوئے مراکش کشتی حادثے میں ملوث ریڈ بک کا بدنام زمانہ انسانی اسمگلر گرفتار کر لیا۔ ترجمان کے مطابق ملزم قاصد علی کو گوجرانوالہ سے گرفتار کیا گیا، جس کا نام ریڈ بک کے انتہائی مطلوب انسانی اسمگلرز میں شامل تھا۔ ایف آئی اے کے مطابق گرفتار ملزم بین الاقوامی انسانی اسمگلنگ نیٹ ورک کا اہم کارندہ تھا اور اس پر متعدد مقدمات درج تھے۔ ملزم شہریوں کو یورپ بھجوانے کے جھانسے دے کر لاکھوں روپے بٹورتا اور انہیں غیر قانونی راستوں سے افریقہ منتقل کرتا تھا۔ ترجمان کے مطابق ملزم متاثرہ خاندانوں سے اسپین بھجوانے کے نام پر فی کس 33 لاکھ روپے وصول کرتا تھا۔ انسانی اسمگلروں کے نیٹ ورک نے نوجوانوں کو موریطانیہ منتقل کر کے تشدد، جبری مشقت اور غیر انسانی سلوک کا نشانہ بنایا۔ بعد ازاں متاثرین کو سمندر کے راستے اسپین بھیجنے کا جھانسہ دے کر رابطہ منقطع کر دیا گیا۔ حکام کے مطابق کشتی حادثے میں متاثرین جان کی بازی ہار گئے۔ گرفتار ملزم پر انسانی اسمگلنگ، بھتہ خوری، جبری مشقت، فراڈ اور تارکین وطن کی اموات کا سبب بننے جیسے سنگین الزامات عائد ہیں۔ ترجمان ایف آئی اے کا کہنا ہے کہ ملزم ایک منظم بین الاقوامی انسانی اسمگلنگ گینگ کا اہم رکن ہے، جبکہ انسانی اسمگلنگ کے خلاف زیرو ٹالرنس پالیسی کے تحت کارروائیاں جاری رہیں گی۔

اگر آپ اس خبر کے بارے میں مزید معلومات حاصل کرنا چاہتے ہیں تو نیچے دیے گئے لنک پر کلک کریں۔

مزید تفصیل